جرائم و حادثات

ساتھی ٹیچر کی ہراسانی سے تنگ آکر خاتون ٹیچر نے کھایا زہر — وائرل ویڈیو نے مچا دی سنسنی

لکھنو –  اتر پردیش کے ضلع اُناؤ میں ایک سرکاری اسکول کی خاتون ٹیچر کی جانب سے مبینہ طور پر زہر کھانے کا معاملہ سامنے آیا ہے، جس کے بعد محکمۂ تعلیم میں ہلچل مچ گئی۔ واقعہ اچل گنج پولیس اسٹیشن کے حدود کے پرائمری اسکول بدرکا اول کا ہے۔

 

اطلاعات کے مطابق اسکول میں تعینات ٹیچر نازیہ سلطانہ نے جمعرات کی  دوپہر زہریلا مادہ کھا لیا، جس سے ان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔ اسکول کے عملہ اور مقامی افراد نے فوری طور پر انہیں اچل گنج کمیونٹی ہیلت سینٹر منتقل کیا۔ اطلاع ملتے ہی گھر والے بھی ہاسپٹل پہنچ گئے اور بعد ازاں بہتر علاج کے لئے انہیں ایک پرائیویٹ نرسنگ ہوم لے گئے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

 

واقعے کی اطلاع ملتے ہی محکمۂ تعلیم کے افسران بھی متحرک ہوگئے اور اسکول پہنچ کر اساتذہ سے پوچھ تاچھ شروع کردی۔ پولیس نے بھی معاملہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

 

اس واقعہ سے قبل نازیہ سلطانہ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جو انھوں نے اسکول میں تیار کی جس میں انہوں نے الزام لگایا کہ اسکول میں تعینات ایک ٹیچر پشکر واجپائی انہیں مسلسل ہراساں کر رہا تھا۔ ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ اس ہراسانی کے باعث وہ کئی مرتبہ خودکشی کا سوچ چکی تھیں، تاہم خاندان کا خیال آ جانے پر رک جاتی تھیں۔

 

نازیہ سلطانہ نے ویڈیو میں دعویٰ کیا کہ پشکر واجپائی نے ان کی زندگی اجیرن بنا دی تھی، جس کے باعث وہ انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوئیں۔ مقامی افراد کے مطابق خاتون ٹیچر اور پشکر واجپائی کے درمیان کافی عرصے سے تنازعہ چل رہا تھا۔اچل گنج پولیس کے مطابق معاملے کی ہر زاویے سے جانچ کی جا رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button