حیدرآباد کے پرانے شہر میں نوجوان کا قتل

حیدرآباد ۔ حیدرآباد کے بارکس کے قریب مریم کالونی میں میں ایک 28 سالہ نوجوان کو مبینہ طور پر چاقو سے حملہ کر کے قتل کر دیا گیا۔ واقعہ کے بعد پولیس نے ملزمین کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر دھاوے شروع کر دیے ہیں۔
مقتول کی شناخت فہد بن عبدالرحمان بلخشر کے طور پر ہوئی ہے جو گاڑیوں کے واشنگ سروس سینٹر کے مالک تھے۔ وہ شادی شدہ تھے اور پسماندگان میں بیوی اور ایک بیٹا شامل ہیں۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق فہد کی ملزمین سے مقامی جم میں دوستی تھی تاہم گزشتہ چند دنوں سے ان کے درمیان تنازع چل رہا تھا۔
مقامی ذرائع کے مطابق واردات سے ایک دن قبل بھی ایک ملزم چاقو لے کر فہد کے گھر پہنچا تھا لیکن مقتول کے بھائی کی مداخلت سے معاملہ وقتی طور پر ٹل گیا تھا۔پولیس کے مطابق رات تقریباً 2:22 بجے ملزمین نے مبینہ طور پر فہد پر چاقو سے حملہ کر دیا جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔ اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دورانِ علاج ان کی موت ہوگئی۔
اطلاع ملتے ہی بالاپور پولیس موقع پر پہنچی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کیا اور مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس نے ملزمین کی گرفتاری کے لیے دھاوے تیز کر دیے ہیں جبکہ واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔



