ایجوکیشن

معیاری تعلیم کے لئے معیاری اساتذہ لازمی

برٹش کونسل کورس میں کامیاب ٹیچرس کو اسنادپیش کرنے کی تقریب

حیدرآباد۔ 16 نومبر (پریس نوٹ) طلبہ کو جدید دور کے چیالنجس کا مقابلہ کرنے کے لئے اچھی تعلیم ضروری ہے اور اچھی تعلیم کی فراہمی کے لئے تربیت یافتہ اور اچھے اساتذہ کی فراہمی ایک اہم مسئلہ ہے۔ اس مسئلہ کو دور کرنے کے لئے سرگرم کوششوں کی ضرورت ہے۔ امریکہ سے سرگرم ایک تنظیم TAUS فاؤنڈیشن کے بانی و ڈائریٹر جناب صفی رحیم نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ وہ ڈان ہائی اسکول ملک پیٹ میں برٹش کونسل کی جانب سے منعقدہ ٹیچرس کے تربیتی کورس میں کامیاب امیدواروں میں اسناد تقسیم کرنے سے قبل خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ وہ ڈان گروپ آف انسٹی ٹیوشنس کے تعاون سے ٹیچرس کو تربیت دینے کے ایک منصوبہ پر کام کریں گے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ان کی تنظیم کی جانب سے اسکول کے ہونہار طلبہ کو روبوٹکس کی ٹریننگ بھی دی جائے گی۔ اس طرح کی تربیت کے لئے باصلاحیت انجینئرس کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ اس موقع پر صدرنشین ڈان گروپ آف انسٹی ٹیوشنس جناب فضل الرحمن خرم نے اساتذہ کو تربیت دینے کے پروگرام میں تعاون کے لئے جناب صفی رحیم اور TAUS فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس منصوبہ پر عمل آوری سے شعبہ تعلیم میں بہتر اساتذہ فراہم ہوں گے جو نئی نسل کو جدید تقاضوں سے لیس اور ہم آہنگ کرنے میں اہم اثاثہ ثابت ہوں گے۔ ممتاز ماہر امراض جلد ڈاکٹر غلام عباس نے اپنے صدارتی خطاب میں اس پہل پر مسرت کا اظہار کیا اور انتظامیہ کو مبارکباد دی۔ برٹش کونسل کے کورس سے استفادہ کرنے والی ٹیچرس نے اس موقع پر اپنے پریزنٹیشنس دیئے، طالبات نے بھی کلچرل پروگرامس پیش کئے اور انگریزی میں مہارت کا مظاہرہ کیا جس سے مہمان خصوصی جناب صفی رحیم بہت متاثر ہوئے۔ 10ویں جماعت کی طالبات نے وسری عالمی جنگ اور ہندوستان کی تحریک آزادی کے بارے میں ایک ڈرامہ ”The Stained Dawn“ پیش کیا اور مہمان خصوصی اور حاضرین کی داد حاصل کی۔ ڈان اسکول کی ٹیچرس اسماء کوثر اور حسنہ نے کارروائی چلائی اور انتظامات کئے۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button