اسپشل اسٹوری

ایڈیٹر آل انڈیا ریڈیو نیوزیونٹ حیدرآباد کا خیرسگالی اقدام۔اردو اسٹاف کے گھر افطار پیک روانہ

 

حیدرآباد 9اپریل (اردولیکس)   آل انڈیا ریڈیو حیدرآباد کی نیوز یونٹ کے  ایڈیٹر دھرما پوری سریش  نے اتوار کو آل انڈیا ریڈیو کے اردو ومسلم عملے اور ان کے افراد خاندان کو اس وقت خوشگوار حیرت سے دوچار کردیا جب انہوں نے ان کے گھروں پر بریانی اور حلیم پر مشتمل افطار پیک روانہ کیا

 

۔اس خیرسگالی کے اقدام پر اسٹاف نے مسرت کا اظہار کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔اردونیوز ریڈرس اورمسلم عملہ نے کہاکہ سریش صاحب حیدرآبادی تہذیب کے دلدادہ اور قدر دان ہیں۔ وہ ایک ملنسار اور مسلم دوست شخصیت ہیں۔ آج ہمارے ملک کو سریش صاحب جیسی شخصیات کی زیادہ سے زیادہ ضرورت ہے۔سریش دھرماپوری ایک سچے حیدرآبادی ہیں اور دکن کی روایات، گنگاجمنی تہذیب، تاریخ اور پس منظر سے نہ صرف پوری طرح واقفیت رکھتے ہیں بلکہ آصف سابع نظام کے دور حکومت میں کئے گئے ترقیاتی و فلاحی اقدامات سے بھی مکمل آگاہ ہیں۔

 

آل انڈیا ریڈیو کے اردو نیوز سکشن سے تعلق رکھنے والے تمام این آر ٹی (نیوز ریڈر کم ٹرانسلیٹر) اور کمپیوٹر آپریٹرس کے ساتھ ان کا رویہ ہمیشہ ہی سے نہایت دوستانہ، ہمدردانہ اور شفیق رہا ہے۔ اردو عملہ کے مسائل پر وہ ہمیشہ نظر رکھتے ہیں اور انہیں حل کرنے کے لئے اپنی جانب سے جس قدر ممکن ہوسکے بھرپور سعی کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ سریش دھرما پوری نے گزشتہ سال بھی ماہ رمضان المبارک میں اسی طرح کے خیر سگالی کے جذبہ کا مظاہرہ کیا تھا جس پر مختلف گوشوں سے ان کی کافی ستائش کی گئی تھی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button