ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل میں 17 سال بعد ہندوستان کی تاریخ ساز کامیابی
حیدرآباد _ 29 جون ( اردولیکس ڈیسک) ہندوستانی ٹیم نے ٹی 20 فائنل میں جنوبی افریقہ کو شکست دے کر ورلڈ کپ 2024 کی ٹرافی جیت لی ہے۔ تاریخ ساز کامیابی کے ساتھ ہندوستان ایک بار پھر کرکٹ کا عالمی چیمپئن بن گیا۔ ہندوستانی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں ایک بھی میچ نہیں ہاری۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ٹیم نے بغیر کوئی میچ ہارے ٹرافی جیتی ہے۔ ہندوستان نے دوسری بار ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ جیتا ہے۔ 2007 میں پہلی بار ایم ایس دھونی کی ٹیم نے ہندوستان کو اس فارمیٹ میں عالمی چیمپئن بنایا تھا۔
ہندوستانی ٹیم کو یہ ٹرافی 13 سال بعد ملی ہے۔ فائنل میچ میں ہندوستان کی شروعات کافی خراب رہی۔ کپتان روہت شرما 9 رنز بنانے کے بعد واک آؤٹ ہوگئے تو ریشبھ پنت اپنا کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔ سوریہ کمار یادو صرف 3 رنز بنا سکے۔ تاہم اس کے بعد وراٹ کوہلی اور اکشر پٹیل نے 34 رنز پر 3 وکٹیں گرجانے کے بعد مشکلات کی شکار ٹیم انڈیا کی کمان سنبھالی۔ کوہلی نے 76 رنز کی خوبصورت اننگز کھیلی تو وہیں اکشر پٹیل نے بھی 47 رنز کی تابڑتوڑ اننگز کھیلی ۔ اور آخر میں شیوم دوبے 16 گیندوں پر 27 رنز بناکر ہندوستان کو 176 رنز تک پہنچانے میں مدد کی۔ یہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل کا سب سے بڑا اسکور ہے۔
بعد ازاں ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 20 اوورز میں 8 وکٹیں گنوا کر 169 رنز تک محدود رہی۔ ہینرک کلاؤ (52؛ 27 گیندوں پر 2 چوکے، 5 چھکے) کوئنٹن ڈی کاک (39؛ 31 گیندوں پر 4 چوکے، ایک چھکا) اور اسٹبس (31؛ 21 گیندوں پر 3 چوکے، 1 چھکا) نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ہندوستانی گیند بازوں میں ہاردک پانڈیا (3/20)، بمبرا (2/18)، ہرشدیپ سنگھ (2/20)۔ اکشر پٹیل نے ایک وکٹ حاصل کی۔