نیشنل

کرناٹک:فہرست رائے دہندگان سے حذف تمام نام دوبارہ شامل کرنے کانگریس کا مطالبہ

رائچورکرناٹک کے رائچور میں کانگریس پارٹی کے لیڈروں نے ضلع کے 7اسمبلی حلقوں کی فہرست رائے دہندگان میں بغیر کسی وجہ واطلاع کے ایک لاکھ 38ہزار ووٹرس کے ناموں کو حذف کرنے کا الزام لگایا ہے۔ اس سلسلے میں ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر اور سابق رکن پارلیمنٹ بی وی نائیک کی قیادت میں پارٹی لیڈروں پر مشتمل ایک نے رائچور ضلع ڈپٹی کمشنر راج شیکھر نائیک سے ملاقات کی۔ ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کرنے والوں میں اے آئی سی سی کے سکریٹری این ایس بوس راجو، دیونا نائیک،ڈاکٹر رزاق استاد، عبدالکریم، جاوید الحق، جئے انا، ردرپا انگڑی کے علاوہ دیگر شامل ہیں۔ اس موقع پر کانگریس پارٹی کے لیڈروں نے حذف شدہ تمام ناموں کو جلد سے جلد ووٹر لیسٹ میں شامل کرنے کی مانگ کی۔ کانگریس لیڈروں نے ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ سرکاری حکام کی جانب سے ہوئی ان غلطیوں کو سدھارتے ہوئے اس سلسلے میں جانچ کرواکر تمام اہل رائے دہندوں کے ناموں کی دوبارہ شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔ اس کے علاوہ وفد نے آن لائن درخواست داخل کرنے میں پیش آرہی تکنیکی خامیوں کو دور کرنے اور نظر ثانی کے لئے8نومبر تک دی گئی آخری تاریخ میں توسیع کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ وہیں دوسری جانب سے رائچور ضلع ڈپٹی کمشنر راج شیکھر نائیک نے تکنیکی خرابی کو دور کرنے کے علاوہ دیگر مسائل کو حل کرنے کے تعلق سے متعلقہ عہدیداروں سے بات چیت کرنے کا یقین دلایا۔ ووٹر لیسٹ میں بڑے پیمانے پر ناموں کو حذف کرنے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد لوگوں میں کافی غم وغصہ دیکھا جارہا ہے۔ بعض سماجی کارکنوں نے فہرست رائے دہندگان سے ناموں کے حذف ہونے کے معاملے میں بعض سیاسی لیڈروں کا عمل دخل ہونے کا الزام لگایا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button