حیدرآباد میں کار سے ٹکر دے کر خاتون کا قتل۔ ڈرائیور گرفتار

Representational image
حیدرآباد: حیدرآباد میں جان بوجھ کر کار سے ٹکر دے کرایک خاتون کی جان لینے والے شخص کو رائے درگ پولیس نے گرفتارکرلیا۔ پولیس کےبموجب 18 ڈسمبرکی رات دو موٹرسائیکل سوار کیبل بریج سے واپس ہورہے تھے کہ راستہ میں ان کے پیچھے سے گزرنے والی کار نے تیز رفتاری سے گاڑی آگے بڑھادی جس کی وجہہ سے بائیک پرسوار افراد پر نالے کا گندا پانی اچھل پڑا۔
اس مسئلہ پربائیک سواروں کی کارچلانے والے نوجوان راج سمہا سے جھگڑا ہوا۔ جھگڑے کے بعد وہ وہاں سے چلے گئے ان کے آگے جانے کے بعد کارسوار نے برہمی کے عالم میں دونوں بائیکس کو ٹکر دے دی جس کے نتیجہ میں ایک بائیک پرسوار خاتون ماریہ ساکن ایرہ گڈہ اوران کے شوہرگرپڑے اورزخمی ہوگئے۔ ان دونوں کو زخمی حالت میں علاج کیلئے خانگی ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں کل خاتون کی علاج کے دوران موت ہوگئی۔
پولیس نے اس معاملہ میں کار چلانے والے نوجوان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے اسے گرفتارکرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ اس نے دانستہ طورپرٹکردی ہے اس لئے اس کے خلاف دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔