جنرل نیوز

نظام آباد ضلع کے اُردو میڈیم مدارس میں اساتذہ کی قلت 

168 مخلوعہ جائیداد وں کے باعث طلباء کی تعلیم متاثر۔ ودیا والینٹرس اساتذہ کا تقرر عمل میں لایا جائے

نظام آباد:10/ اگست (محمد یوسف الدین خان نیوز اینڈ ویوز میڈیا سرویس) ضلع نظام آباد کے اُردو میڈیم مدارس میں اساتذہ کی قلت کے باعث طلباء کی تعلیم بری طرح متاثر ہورہی ہے۔ نئے تعلیمی سال کا آغاز ہوئے تین ماہ کا عرصہ گذر چکا ہے تاہم مختلف مدارس میں اساتذہ کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں نہ لائے جانے پر اولیائے طلباء میں تشویش پائی جاتی ہے۔

 

ضلع نظام آباد میں اُردو میڈیم مدارس کی تعداد 178 ہے جبکہ زیر تعلیم طلباء کی تعداد 21172 موجود ہیں۔ ان مدارس پر 481 اساتذہ خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ 168جائیدادیں مخلوعہ ہے۔ شہر نظام آباد میں مختلف علاقوں میں قائم مدارس جن میں نظام کالونی واقع اُردو میڈیم میں زیر تعلیم طلباء کی تعداد 302 ہے جہاں پر صرف 3 اساتذہ خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ستیش نگر پرائمری اسکول میں 280 طلباء زیر تعلیم ہے جہاں پر 7اساتذہ موجود ہے۔ نسیم کالونی میں واقع اسکول میں 68 طلباء کیلئے صرف ایک استاد موجود ہے۔ محبوب کالونی میں 40 طلباء، آٹو نگر اسکول میں 380 طلباء کیلئے 6 اساتذہ جبکہ وینگل راؤ کالونی میں 401 طلباء کیلئے 4 اساتذہ خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ناگارام اسکول میں 210 طلباء کیلئے 5 اساتذہ، دھاروگلی اسکول میں 344 طلباء کیلئے 13 اساتذہ، والمیکی نگر اسکول میں 272 طلباء کیلئے 5 اساتذہ، سمیرہ ہلز میں 51 طلباء کیلئے ایک ٹیچر، مجاہد نگر اسکول میں 76 طلباء کیلئے ایک ٹیچر، دھرم پوری ہلز میں 190 طلباء کیلئے 3 اساتذہ خدمات انجام دے رہے ہیں

علاوہ ازیں بودھن میں موجود رکاس پیٹ اسکول میں 344 طلباء کیلئے 3 اساتذہ خدمات انجام دے رہے ہیں۔ بھیمگل، بالکنڈہ، نوی پیٹ علاقہ میں اساتذہ کی شدید قلت پائی جاتی ہے۔ حال ہی میں دیہی علاقوں میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کو محکمہ تعلیم کی جانب سے انہیں ضلع کے مدارس میں ڈپٹیشن پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ جبکہ 38 اساتذہ کے ڈپٹیشن پر روک لگائی ہے۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے بتایا کہ ضلع میں اُردو میڈیم اسکولوں میں اساتذہ کی شدید کمی ہے۔ کچھ جگہوں پر متبادل انتظامات کے ساتھ تعلیم دی جارہی ہے

 

۔خواجہ معین الدین موظف ٹیچر و صدر ایم آرپی ایف نے بتایا کہ ضلع میں اُردو میڈیم اسکولوں کی حالت ابتر ہے اساتذہ کی مخلوعہ جائیدادوں پر ودیا والینٹرس کے تقررات عمل میں لاتے ہوئے طلباء کو تعلیم فراہم کی جانے کے اقدامات کئے جانے کا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا۔ اُردو میڈیم مدارس میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مضمون واری اساتذہ نہ ہونے کے باعث انہیں مسائل کا سامنا درپیش ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button