جرائم و حادثات

حیدرآباد میں خوفناک سڑک حادثہ، تین نوجوان ہلاک _ مرنے والوں میں ہونے والی دلہن بھی شامل

حیدرآباد _ 19 مئی ( اردولیکس) حیدرآباد کے مضافاتی علاقے گنڈی پیٹ منڈل کے خانہ پور میں ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ جمعہ کی صبح ایک تیز رفتار کار نے شنکر پلی مین روڈ پر پوچماں مندر کے پاس کھڑی ہوئی لاری کو ٹکر مار دی۔

 

جس کے نتیجے میں کار میں سوار تین نوجوان موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ چار دیگر شدید زخمی ہیں اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ہاسپٹل منتقل کیا ۔ زخمیوں کو بڑی مشکل سے گاڑی سے نکالنے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ پولیس نے بتایا کہ زخمیوں میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے۔ تمام ہلاک شدگان کی شناخت نظام پیٹ سے ہوئی ہے۔

 

نظام پیٹ کی دیویا کی  حال میں منگنی ہوئی تھی اور چند دن میں اس کی شادی بھی ہونے والی تھی ۔ بیچلر پارٹی منانے کے لئے نارسنگی سے دیویا اپنے دوستوں کے ساتھ ٹفن کھانے کے لیے سی بی آئی ٹی سے ایک کار میں خانہ پور گئی تھی۔ واپسی کے دوران کار بے قابو ہو گئی اور پوچماں مندر کے پاس کھڑی ہوئی  لاری کو پیچھے سے ٹکرا گئی۔

 

حادثے میں کار مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ اگرچہ حادثہ کے بعد کار  میں غبارے کھلے تھے لیکن وہ سامنے کی سیٹ پر بیٹھے افراد کی جان نہ بچا سکے۔ دیویا اور دیگر دو افراد کی شدید چوٹوں کی وجہ سے موقع پر ہی موت ہو گئی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔ مرنے والوں کی تفصیلات معلوم نہیں ہو سکی ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button