جنرل نیوز

ٹی یو ڈبلیو جے یو کے نمائندہ وفد کی آئی اینڈ پی آر کے جے ڈی، ڈی ایس۔جگن سے ملاقات

حیدرآباد 19مئی(پریس نوٹ)تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین کے ایک نمائندہ وفد نے صدر شجاع الدین افتخاری کی صدارت میں جوائنٹ ڈائریکٹر ، محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ ڈی ایس۔ جگن سے ملاقات کرتے ہوئے ہائی کورٹ کا عبوری حکم نامہ حوالے کیا اور اس پر سختی کے ساتھ عمل آوری کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔

واضح رہیکہ یونین نے اردو صحافیوں کے ساتھ سوتیلا سلوک کرنے کے لئے تیار کردہ جی او نمبر 239 کو منسوخ کرنے اور فوری منسوخ نہ کرنے کی صورت میں اردو اخبارات اور ٹی وی چینلز کو تلگو کے مساوی ایکریڈیشن کارڈز جاری کرنے کی ہدایت دینے کی اپیل کرتے ہوئے تلنگانہ ہائی کورٹ میں دو عرضیاں دائر کی تھی،

جس پر سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس راگھویندر سنگھ چوہان نے عبوری حکم جاری کرتے ہوئے محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ کو ہدایت دی تھی کہ ریاست بھر میں اردو سیٹلائٹ ٹی وی چینلز کو تلگو ٹی وی چینلز کے مساوی ایکریڈیشن کارڈز جاری کریں اور جو اردو چینلز اسپورٹس ، کلچرل، فلمیں، کارٹونس نشر کرتے ہیں تو ان زمروں کے مخصوص صحافیوں اور کیمرہ مینس کو بھی تلگو کی طرز پر ایکریڈیشن کارڈز جاری کئے جائیں۔ اس کے علاوہ جی او 239 کی منسوخی کی عرضی زیر دوراں ہے۔

وہیں دوسری جانب یونین کے ذمہ داران نے جے ڈی سے اضلاع میں ایکریڈیشن کمیٹیوں کی تیسری میٹنگ کو جلد از جلد منعقد کروانے اور ریاست بھر میں اہل صحافیوں کو ایکریڈیشن کارڈز جاری کروانے کا بھی مطالبہ کیا، جس پر جوائنٹ ڈائریکٹر نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا اور عنقریب ہدایات جاری کرنے کا تیقن دیا۔ اس موقع پر یونین کے سرپرست ساجد معراج، ریاستی خازن متبع علی خان ، نواب ابرار اللہ و دیگر موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button