جرائم و حادثات

تقریب ولیمہ سے قبل دلہا دلہن اسلم اور کہکشاں کی نعشیں خون میں لت پت دستیاب ۔ قتل کے بعد خودکشی کا شبہ

نئی دہلی: چھتیس گڑھ کے دارالحکومت رائے پور میں ایک چونکا دینے والا معاملہ سامنے آیا ہے۔ یہاں ولیمہ تقریب سے قبل دلہے اور دلہن کی مشتبہ حالت میں موت ہوگئی۔ پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق اسلم احمد اور کہکشاں بانو کی شادی 19 فروری کو ہوئی تھی، دونوں کے ولیمہ کی تیاریاں جاری تھیں اور دونوں تقریب کے لیے تیار ہو رہے تھے۔ دلہن کے بیوٹی پارلر کی بیوٹیشن نے اس کا میک اپ بھی کیا۔

پولیس نے بتایا ہے کہ دونوں ایک کمرے میں تھے، جسے انہوں نے اندر سے بند کر رکھا تھا۔ اس دوران دلہے اور دلہن کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہو گیا، شبہ کیا جاتا ہے کہ دلہے اسلم نے دلہن پر خنجر سے حملہ کرکے اس کا قتل کردیا اور اس کے بعد خود کو زخمی کرلیا نتیجے میں اس کی بھی موت ہوگئی۔ دونوں کے جسموں پر زخموں کے متعدد نشانات پائے گئے ، یہ بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شاید دونوں نے ایک دوسرے پر وار کیے ہوں گے۔

بتایا گیا ہے کہ جب دونوں کمرے کے اندر تھے اور چیخنے چلانے کی آواز آئی تو دروازہ کھولنے‌کی کوشش کی گئی لیکن دروازہ اندر سے بند ہونے کی وجہ سے نہیں کھلا۔ اس کے بعد ایک شخص کو کھڑکی سے اندر بھیجا گیا تو اس نے دیکھا کہ دونوں کی نعشیں خون میں لت پت پڑی ہوئی تھیں۔ رائے پور کے ایس ایس پی پرشانت اگروال نے میڈیا کو بتایا کہ اس قتل کی تحقیقات کی جا رہی ہے‌جس کے بعد ہی واقعہ کی حقیقت کا پتہ چل سکے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button