انٹر نیشنل

فٹ بال میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے حامیوں کے درمیان تصادم 100 افراد ہلاک

مغربی افریقی ملک گنی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ ایک فٹبال میچ کے دوران دو گروہوں کے درمیان جھڑپ شدید تصادم میں بدل گئی، جس کے نتیجے میں تقریباً 100 افراد ہلاک ہو گئے۔ مختلف بین الاقوامی ذرائع ابلاغ نے اس خبر کی تصدیق کی ہے۔

 

یہ واقعہ گنی کے فوجی سربراہ مامادی دومبویا کے اعزاز میں منعقدہ ایک ٹورنامنٹ کے دوران پیش آیا۔ اتوار کے روز گنی کے دوسرے بڑے شہر زریکورے میں ایک فٹبال میچ کے دوران ریفری کے فیصلے پر تنازعہ پیدا ہوا۔

 

اس فیصلے پر ایک ٹیم کے حامی مشتعل ہو کر میدان میں داخل ہو گئے، جس کے بعد مخالف ٹیم کے حامیوں نے ان کا راستہ روکا۔ یہ تنازعہ جلد ہی جھڑپ میں تبدیل ہو گیا۔

 

ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور ایک دوسرے پر حملے شروع کر دیے۔ بعض افراد نے پولیس اسٹیشن کو آگ لگا دی۔ ان جھڑپوں میں کئی افراد ہلاک ہو گئے اور متعدد شدید زخمی ہوئے۔

 

سوشل میڈیا پر وائرل تصاویر میں سڑکوں پر لاشیں بکھری ہوئی نظر آئیں۔ ایک مقامی اسپتال کے ڈاکٹر نے میڈیا کو بتایا کہ تقریباً 100 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، اور ہلاکتوں کی تعداد مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button