انٹر نیشنل

پارلیمنٹ اجلاس سے دور رکھنے کی مبینہ سازش! کانگریس رکن پارلیمنٹ کو دبئی اسپتال میں روکنے کا سنسنی خیز معاملہ

جدہ – 29نومبر ( عرفان محمد)  پارلیمنٹ کے اہم اجلاس میں شرکت سے روکنے کے لئے کانگریس کے ایک رکن لوک سبھا کو دبئی کے ہاسپٹل سے ڈسچارج نہ کرنے کی مبینہ سیاسی سازش کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ رکن پارلیمنٹ کے افراد خاندان نے الزام عائد کیا ہے کہ انہیں ہاسپٹل سے ڈسچارج ہونے سے روکنے کے لیے سیاسی دباؤ ڈالا جارہا ہے، جس سے سیاسی حلقوں میں ہلچل پیدا ہوگئی ہے۔

 

کیرالا کے کنور لوک سبھا حلقہ کے رکن پارلیمنٹ کے سُدھاکرن اعصابی مرض میں مبتلا ہیں اور علاج کے لئے ابوظہبی کے راستے امریکہ روانہ ہورہے تھے۔ تاہم پارٹی کی ہدایت پر انہوں نے امریکہ کا سفر ملتوی کردیا اور طبی مشورے کے لئے دبئی کے ایک خانگی ہاسپٹل سے رجوع ہوئے۔ الزام ہے کہ رکن پارلیمنٹ اور ان کے افراد خاندان کی مرضی کے خلاف انہیں انتہائی نگہداشت کے شعبہ (آئی سی یو) میں منتقل کردیا گیا۔

 

ہاسپٹل پہنچنے والے ان کے فرزند اور داماد کو بھی ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔ افراد خاندان کے مطابق ہاسپٹل انتظامیہ نے پہلے یہ کہہ کر حیرت میں ڈال دیا کہ اس نام کا کوئی مریض ہاسپٹل میں موجود نہیں ہے، جبکہ بعد میں بتایا گیا کہ نئی دہلی کے ایک اعلیٰ عہدیدار کی ہدایت پر ان کا علاج کیا جارہا ہے۔ ان واقعات کے بعد افراد خاندان کو شبہ ہوا کہ اس معاملے کے پیچھے کوئی سیاسی سازش ہے۔

 

بعد ازاں افراد خاندان نے کانگریس قائدین رمیش چنیتھلا اور کے سی وینوگوپال کو صورتحال سے واقف کروایا، جبکہ رکن پارلیمنٹ کے موبائل فون پر موجود واٹس ایپ کے ذریعہ راہول گاندھی سے بھی رابطہ کیا گیا۔

 

بتایا گیا کہ دبئی کے ایک وکیل کی مداخلت کے بعد رکن پارلیمنٹ کے فرزند سنجوگ نے تحریری ضمانت دی کہ مریض کو کچھ بھی ہونے کی صورت میں وہ ذمہ داری قبول کریں گے، جس کے بعد اتوار کو انہیں ہاسپٹل سے ڈسچارج کردیا گیا۔

 

تاہم ہاسپٹل انتظامیہ نے شرط رکھی کہ سفر شروع کرنے سے قبل دوبارہ ہاسپٹل سے اجازت حاصل کرنا ضروری ہوگا۔ اس پر افراد خاندان نے بتایا کہ وہ کسی دوسرے ہاسپٹل میں طبی معائنہ کروانے کے بعد سفر کی اجازت حاصل کریں گے۔

 

کانگریس حلقوں نے الزام عائد کیا ہے کہ نئی دہلی میں اعلیٰ سطح پر جاری سیاسی سازش کے تحت رکن پارلیمنٹ کے سفر میں رکاوٹیں پیدا کی جارہی ہیں۔

 

دوسری جانب کے سُدھاکرن نے اتوار کی شب دبئی سے نئی دہلی روانگی کے لیے امارات ایئرلائنز کی پرواز کا ٹکٹ بھی بک کروایا تھا، تاہم ان کے طیارے میں سوار ہونے تک غیر یقینی صورتحال برقرار رہی۔

Oplus_131072

متعلقہ خبریں

Back to top button