سنگاپور میں آگ لگنے کا واقعہ۔ آندھراپردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر کا چھوٹا بیٹا زخمی

حیدرآباد ۔ آندھرا پردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر پون کلیان کے چھوٹے بیٹے مارک شنکر پوانوِچ سنگاپور کے ایک اسکول میں پیش آنے والے آگ لگنے کے حادثے میں زخمی ہو گئے ہیں۔ انہیں ہاتھوں اور پیروں پر چوٹیں آئی ہیں۔ اس واقعے میں کئی دیگر بچے بھی زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوراً اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پون کلیان نے سنگاپور روانگی کی تیاریاں شروع کر دیں۔ ذرائع کے مطابق یہ حادثہ سنگاپور کے ریور ویلی شاپ ہاؤس میں منگل کی صبح تقریباً 9:45 بجے پیش آیا۔ یہاں بچوں کے لیے ایک کیمپ کا اہتمام کیا گیا تھا، جہاں عمارت کی دوسری اور تیسری منزل پر اچانک آگ بھڑک اُٹھی۔
آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی سنگاپور سول ڈیفنس فورس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریسکیو ٹیم نے عمارت میں پھنسے ہوئے افراد کو محفوظ طریقے سے باہر نکالا اور زخمی بچوں کو اسپتال منتقل کیا۔ اس حادثے کے نتیجے میں بہت سوں کو معمولی زخمی ہونے کے
ساتھ ساتھ کچھ بچوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے، تاہم امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔