انٹر نیشنل

افغانستان میں اچانک سیلاب کی تباہی، 20 افراد جاں بحق، 100 سے زائد لاپتہ – لاپتہ افراد میں میئر اور ان کے دو گن مین بھی شامل

افغانستان کے شمال مشرقی صوبہ نورستان میں پیر کے روز اچانک آنے والے سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی۔ حکام کے مطابق اب تک کم از کم 20 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، جبکہ 100 سے زائد افراد لاپتہ ہیں۔ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ہلاکتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے، کیونکہ ریسکیو ٹیمیں دور دراز پہاڑی علاقوں میں لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔

 

لاپتہ افراد میں نورستان کے دارالحکومت پارون کے میئر اور ان کے دو محافظ بھی شامل ہیں۔ طالبان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق پارون شہر سب سے زیادہ متاثر ہوا، جہاں سیلابی ریلے نے مکانات، تجارتی مراکز اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا۔ اس آفت میں کم از کم 80 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

 

حکام کا کہنا ہے کہ امدادی اور ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں، تاہم تباہ شدہ سڑکوں اور دشوار گزار پہاڑی راستوں کی وجہ سے متاثرہ علاقوں تک پہنچنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ اس قدرتی آفت سے بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان ہوا ہے، جبکہ نقصانات کا مکمل جائزہ ابھی جاری ہے۔

 

ماہرین کے مطابق افغانستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، جہاں حالیہ برسوں میں شدید بارش اور اچانک سیلاب کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

 

نورستان اور دیگر علاقوں میں جنگلات کی کٹائی کے باعث زمین کی بارش کا پانی جذب کرنے کی صلاحیت کم ہوگئی ہے، جس کے نتیجے میں تباہ کن سیلاب کا خطرہ مزید بڑھ گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button