غزہ کے ایک اسکول پر اسرائیلی راکٹوں کا حملہ _ 100 فلسطینی شہید ، درجنوں زخمی؛ معصوم بچے بھی شامل
حیدرآباد _ 10 اگست ( اردولیکس ڈیسک) اسرائیلی حملے میں مزید 100 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔ غزہ کی سیول ڈیفنس ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ ہفتے کی صبح غزہ میں ایک اسکول پر اسرائیلی حملے میں 100 سے زائد افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔ ایجنسی کے ترجمان محمود بسال نے اے ایف پی کو بتایا کہ تین اسرائیلی راکٹ اسکول پر گرے جس میں بے گھر فلسطینیوں کی رہائش تھی۔ غزہ کے سرکاری میڈیا آفس نے بتایا کہ اس حملے میں 100 سے زائد شہید ہوئے۔
اسکول کے خلاف اسرائیلی حملے کے نتیجے میں احاطے میں بڑے پیمانے پر آگ لگ گئی، اور اس وقت پھنسے فلسطینیوں کی مدد کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ حملے کو "خوفناک” قرار دیتے ہوئے ایجنسی نے کہا کہ حملے کے دوران کچھ نعشوں میں آگ لگ گئی۔باسل نے کہا کہ عملہ شہداء کی نعشوں کو نکالنے اور زخمیوں کو بچانے کے لیے آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہا ہے۔
یہ اس وقت سامنے آیا ہے جب جمعرات کو اسرائیلی فوج نے غزہ میں دو اسکولوں پر حملے کیے جس میں کم از کم 18 افراد ہلاک ہوئے۔ اسرائیلی فوج نے اس وقت کہا تھا کہ اس نے حماس کے کمانڈ مراکز پر حملہ کیا تھا۔