حج ایام کے دوران فی گھنٹہ ایک لاکھ سات ہزار حجاج طواف کر سکیں گے

کے این واصف
حرم مکی کی گنجائش میں جتنا اضافہ کیا جارہاہے زائرین و عازمین کی تعداد میں اتنا ہی اضافہ ہورہاہے۔ حج 2025 کے تعلق سے ادارہ امورحرمین شریفین کا کہنا ہے کہ صحن مطاف میں حج ایام کے دوران عازمین کی سہولت کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
العربیہ کے مطابق اس سال عازمین حج کو فراہم کی جانے والی دیگر سہولتوں کے علاوہ صحن مطاف کی گنجائش کا اضافہ ہے۔مطاف میں ایسے انتطامات کیے گئے ہیں کہ فی گھنٹہ ایک لاکھ 7 ہزار حجاج بیک وقت خانہ کعبہ کا طواف کرسکتے ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے براہ راست صحن مطاف کو جانے والے مسجد الحرام کے مرکزی اور ذیلی دروازوں کو بھی مخصوص کیا ہے تاکہ حجاج کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور وہ براہ راست مطاف میں پہنچ سکیں۔
ادارہ امور حرمین نے ایامِ حج میں بلخصوص ازدحام کو کنٹرول کرنے کےلیے بھی جامع حکمت عملی مرتب کی ہے۔کراؤڈ کنٹرولنگ یونٹس کی جانب سے مقررہ منصوبے کے مطابق عمل کیا جائے گا۔مسجد الحرام میں اژدھام کو کنٹرول کرنے کے لیے مسجد الحرام میں آمد ورفت کے لیے جدا راستوں کو مخصوص کیا گیا ہے جس کا مقصد مسجد الحرام میں داخل ہونے اور باہر نکلنے والوں کو ٹکراو سے محفوظ رکھنا ہے۔
ادارے کی جانب سے کراؤڈ کنٹرولنگ کی ٹیمیں مختلف مقامات پرتعینات اور کنٹرول روم سے مسلسل رابطے میں ہوں گی تاکہ حجاج کرام کو ازدحام والے مقامات سے دوسری جانب منتقل کیا جاسکے۔