جنرل نیوز

طلباء کی خوش اخلاقی نیک نامی کا ذریعہ مولانا مسیح اللہ صاحب ممبئی کا مدرسہ مصباح الہدیٰ، کاماریڈی کے طلباء سے نصیحت آموز خطاب

طلباء کی خوش اخلاقی نیک نامی کا ذریعہ

مولانا مسیح اللہ صاحب ممبئی کا مدرسہ مصباح الہدیٰ، کاماریڈی کے طلباء سے نصیحت آموز خطاب

نظام آباد 24/ستمبر (اردو لیکس)

مدرسہ مصباح الہدیٰ، مسجد نور، کاماریڈی میں ششماہی امتحانات کے موقع پر ادارہ فیضِ منیر ممبئی سے تشریف لائے ہوئے مہمانِ مکرم حضرت مولانا مسیح اللہ صاحب نے نہایت پرمغز اور نصیحت آموز خطاب فرمایا انہوں نے اپنے کلمات کا آغاز طلباء کی تعریف سے کیا اور کہا ماشاءاللہ! طلباء عزیز خوش اخلاق اور باادب ہیں۔ جو بچے اپنے اساتذہ، درسگاہ، کتابوں اور آلاتِ علم کا ادب کرتے ہیں، وہی حقیقی کامیابی حاصل کرتے ہیں مولانا نے طلباء کو تاکید کی کہ علم صرف کتابی یا زبانی چیز نہیں، بلکہ یہ اس وقت نتیجہ خیز بنتا ہے جب اسے عملی زندگی میں اپنایا جائے۔ انہوں نے فرمایا حقیقی علم تب مکمل ہوتا ہے جب اسے ہر جگہ اپنایا جائے۔ ایسا نہ ہو کہ مدرسہ میں عمل ہو اور گھر پہنچ کر نیک اعمال ترک کر دیے جائیں انہوں نے طلباء عزیز کو نصیحت کی کہ وہ اپنی زندگی میں سنتوں کو اختیار کریں اور مسنون دعاؤں کا معمول بنائیں تاکہ روحانی سکون نصیب ہو اور کردار میں نکھار پیدا ہو طلباء عزیز! اپنی تربیت کو مضبوط رکھیں، والدین اور اساتذہ کے حقوق ادا کریں اور اپنے اخلاق و کردار کو سنواریں۔ حقیقی کامیابی علم، ادب، اخلاق، سنتوں اور دعاؤں کی عملی پیروی میں ہے یہ امتحانات حضرت مولانا شاہ منیر احمد صاحب نوراللہ مرقدہ کی زیرِ سرپرستی قائم مدارس دینیہ تلنگانہ کے ششماہی امتحانات حضرت مولانا مفتی عبدالرشید مظاہری مدظلہ العالی کی ہدایت پر ممبئی سے جید علماء کرام اور قراء عظام نے کاماریڈی کے مدارس خصوصاً مدرسہ مصباح الہدیٰ، مدرسۃ الصالحات اور مدرسہ منیر الہدیٰ کے طلباء کا امتحان لیا طلباء کے حفظِ قرآن، دینی معلومات،مسائل،اُردو،دینیات، اخلاقی تربیت اور عملی زندگی میں اسلامی تعلیمات پر عمل کا جائزہ لیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق طلباء کی کارکردگی نہایت اطمینان بخش رہی نیز مزید ترقی کے لئے ہدایات دی گئی اس امتحانی اجلاس میں حافظ محمد فہیم الدین منیری (ناظم مدرسہ مصباح الہدیٰ و مدرسۃ الصالحات)، مولانا شیخ احمد مظاہری (ناظم مدرسہ منیر الہدیٰ)، مولانا منظور احمد مظاہری (مجلس تحفظ ختم نبوت کاماریڈی) و اساتذہ مدرسہ کے علاوہ اور دیگر ذمہ داران شریک رہے۔اس موقع پر حافظ محمد عبدالواجد حلیمی (معاون ناظم مدرسہ) نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا، جبکہ محترم محمد عبدالرزاق خازن مسجد نور ، الحاج شیخ مقیم الدین صاحب معتمد مسجد نورنے مہمانوں کا پرخلوص استقبال کیا۔اجلاس کا اختتام حضرت مولانا مسیح اللہ صاحب کی پراثر دعا پر ہوا، جس میں انہوں نے ملک و ملت اسلامیہ کی بھلائی اور حضرت مولانا شاہ منیر احمد صاحب نوراللہ مرقدہ کے بلند درجات کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button