نیشنل

کھیلنے کے دوران کار کے دروازے لاک ہوگئے ؛ دم گھٹنے سے 4 بچوں کی موت

گجرات کے ضلع امریلی میں ایک المناک حادثہ پیش آیا، جس میں چار معصوم بچے کار میں کھیلتے ہوئے موت کی نیند سوگئے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب بچوں کے والدین کھیتوں میں کام پر گئے ہوئے تھے۔ شام کو جب والدین اور کار کے مالک واپس لوٹے تو گاڑی کے اندر بچوں کی نعشیں ملیں۔

 

پولیس کے مطابق یہ واقعہ ہفتہ، 2 نومبر کو ضلع کے رندھیا گاؤں میں پیش آیا۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس چراغ دیسائی نے میڈیا کو بتایا کہ جاں بحق ہونے والے بچے مدھیہ پردیش کے ضلع دھار سے تعلق رکھنے والے ایک زرعی مزدور جوڑے کے تھے، جو یہاں کام کے سلسلے میں مقیم تھے۔

 

پولیس عہدیدار نے بتایا کہ بچوں کے والدین صبح تقریباً ساڑھے سات بجے انہیں گھر پر چھوڑ کر بھرت مندانی کے فارم پر کام کے لیے گئے تھے۔ اس دوران بچے قریب کھڑی فارم مالک کی گاڑی میں داخل ہو گئے اور کھیلنے لگے۔ کھیل کے دوران گاڑی لاک ہو گئی، جس سے وہ اندر ہی پھنس گئے اور دم گھٹنے سے ان کی موت واقع ہوگئی۔

 

پولیس عہدیدار کے مطابق، جاں بحق بچوں کی عمریں 2 سے 7 سال کے درمیان تھیں۔ امریلی تعلقہ پولیس اسٹیشن میں حادثاتی موت کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button