درندہ صفت باپ نے 3 سالہ بیٹے کو قتل کرکے نعش موسی ندی میں پھینک دیا – حیدرآباد کے پرانے شہر میں دل دہلا دینے والا واقعہ

حیدرآباد میں باپ نے 3 سالہ بیٹے کو قتل کرکے نعش ش موسی ندی میں پھینک دیا، پولیس تحقیقات میں مصروف
حیدرآباد کے بنڈلاگوڑہ علاقے میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا۔ پولیس کے مطابق 35 سالہ محمد اکبر نامی شخص نے اپنے تین سالہ بیٹے محمد انس کا قتل کرکے نعش کو موسی ندی میں پھینک دیا۔ اکبر سبزی کا کاروبار کرتا ہے جبکہ اس کی بیوی ثنا بیگم نیلوفر ہاسپٹل میں کیئر ٹیکر کے طور پر کام کرتی ہے۔ ان دونوں کے دو بیٹے ہیں، بڑا بیٹا 7 سال کا اور دوسرا مقتول انس تین سال کا۔ انس کچھ عرصے سے بیمار رہتا تھا، اسی وجہ سے میاں بیوی کے درمیان جھگڑے ہوتے رہتے تھے۔
جمعہ کی رات بیوی ڈیوٹی پر جانے کے بعد اکبر نے صبح کے وقت انس کو تکیے سے دم گھونٹ کر قتل کیا۔ اس کے بعد نعش کو ایک تھیلے میں بند کرکے بائیک پر لے گیا اور نیاپُل برج سے موسی ندی میں پھینک دیا۔
اگلی صبح وہ پولیس اسٹیشن پہنچا اور پولیس کو بتایا کہ اس کا بیٹا لاپتہ ہے اس نے بنایا کہ رشتہ داروں نے بچے کو گھر کے قریب چھوڑا تھا اور پھر وہ غائب ہوگیا۔
پولیس نے اکبر پر شک کرتے ہوئے فون ریکارڈز اور نزدیکی سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کی۔ فوٹیج میں اکبر کو صبح کے وقت ایک تھیلا لے جاتے دیکھا گیا۔ سختی سے پوچھ تاچھ کرنے پر اس نے جرم کا اعتراف کر لیا۔ پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ بچے کی نعش کی تلاش موسی ندی میں جاری ہے۔