حضرت نظام الدین راجدھانی ایکسپریس میں لگی بھیانک آگ 68 مسافرین کو بچا لیا گیا

نئی دہلی: راجستھان میں اتوار کی صبح تروننتا پورم سے دہلی جانے والی ترویندرم-حضرت نظام الدین راجدھانی ایکسپریس میں اچانک آگ لگ گئی۔ایک بوگی میں لگی آگ چند ہی لمحوں میں ساتھ والی بوگی تک بھی پھیل گئی۔
یہ واقعہ کوٹہ ریلوے ڈویژن کے قریب آج صبح کی اولین ساعتوں میں پیش آیا۔ واقعہ کے وقت کوچ میں 68 مسافر سوار تھے۔ بوگی سے آگ اور دھواں اٹھتے دیکھ کر عملے کو چوکنا کر دیا گیا اور ٹرین کو وہیں روک دیا گیا۔
ریلوے پروٹیکشن فورس کے حکام نے مسافروں کو بوگیوں میں اتارا اور ٹرین سے آگ لگنے والی بوگیوں کو الگ کیا۔ فوری کارروائی کرتے ہوئے عملے نے آگ سے متاثرہ دونوں بوگیوں کو باقی ٹرین سے الگ کر دیا جس سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ابتدائی معلومات کے مطابق اس آگ کی
وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے۔ مسافروں کو بروقت محفوظ طریقے سے باہر نکال لیا گیا جس کے باعث کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔



