نیشنل

لکھنؤ ایئرپورٹ پر حاجیوں کا ہنگامہ، سامان سے قیمتی اشیا غائب ہونے کا الزام

لکھنو – 3جون ( اردو لیکس ڈیسک) سعادت حج کے بعد جدہ سے واپس آنے والے اترپردیش کے حاجیوں  کے دوسرے قافلے نے منگل کو لکھنؤ ایئرپورٹ پر ہنگامہ برپا کر دیا۔ حاجیوں نے فلائی ناس ایئرلائن کے عملے پر سامان کے تالے اور زپ توڑ کر قیمتی اشیا نکالنے کا الزام عائد کیا، جس پر مسافروں اور ایئرلائن ملازمین کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔

 

فلائی ناس کی پرواز XY-9062 کے ذریعے 423 عا حجاج دوپہر تقریباً ڈیڑھ بجے لکھنؤ پہنچے۔ سامان وصول کرتے وقت بعض مسافروں کو معلوم ہوا کہ ان کا سامان ایئرپورٹ تک پہنچا ہی نہیں، جبکہ کئی بیگوں کے تالے اور زپ ٹوٹے ہوئے تھے۔

 

متاثرہ حاجیوں نے عطر، گھڑیاں، نقاب، برقعے، جائے نماز اور بچوں کے کھلونے سمیت دیگر قیمتی اشیا غائب ہونے کی شکایت کی۔ ایک مسافر نے تو اپنے دونوں بیگ لاپتہ ہونے کا دعویٰ کیا۔مشتعل حاجیوں نے ایئرلائن کے کاؤنٹر پر احتجاج کیا اور واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کر دیں۔

 

دوسری جانب ایئرلائن حکام کا کہنا ہے کہ بعض مسافروں کے سامان کا وزن مقررہ حد سے زیادہ تھا، جس کے باعث کچھ بیگ جدہ میں ہی روک لیے گئے تھے۔ حکام نے یقین دہانی کرائی کہ باقی سامان جلد دوسری پرواز کے ذریعے پہنچا دیا جائے گا، تاہم مسافر چوری کے الزامات پر قائم رہے۔ بعد ازاں ایئرپورٹ حکام نے مداخلت کرکے معاملہ پرامن بنایا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button