نیشنل

ممبئی میں موسلا دھار بارش نشیبی علاقے زیر آب، ریڈ الرٹ جاری۔ مکیش امبانی کا قافلہ حادثہ میں محفوظ

ممبئی: مہاراشٹرا کے دارالحکومت ممبئی میں شدید موسلا دھار بارش کے باعث شہر کے متعدد نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں جبکہ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک نظام بری طرح متاثر ہوا ہے اور آمدورفت تقریباً معطل ہو گئی ہے۔

 

محکمہ موسمیات نے ممبئی کے لیے ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے مزید شدید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں 20 سے 30 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی

 

جبکہ وکرولی علاقے میں سب سے زیادہ 31.06 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔بارش کے دوران باندرہ ویسٹ میں ایک بڑا درخت گر گیا جو معروف تاجر مکیش امبانی کے سیکیورٹی قافلے کے قریب آ گرا تاہم سیکیورٹی اہلکاروں کی فوری کارروائی کے باعث بڑا حادثہ ٹل گیا۔ بعد ازاں حکام نے درخت ہٹا کر ٹریفک بحال کر دی۔بی ایم سی نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ

 

کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد کے لیے ہیلپ لائن نمبر 1916 پر رابطہ کریں۔ساحلی علاقوں میں رہنے والوں کو بھی خبردار کیا گیا ہے کیونکہ سمندری لہروں کی اونچائی 4.19 میٹر تک پہنچنے کا امکان ہے۔ممبئی کے علاوہ تھانے، پال گھر، نوی ممبئی اور پونے میں بھی شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

 

کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کی اطلاعات ہیں جبکہ حکام متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button