چہرہ پر مودی کا ماسک لگا کر چوری

نئی دہلی: راجستھان کے ضلع بھیلواڑہ میں ایک شخص نے وزیرِ اعظم نریندر مودی کے چہرے والا ماسک پہن رکھا تھا اور مبینہ طور پر ایک موبائل فون کی دکان میں چوری کی کوشش کرتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہو گیا۔ یہ چند دن قبل پیش آیا جس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔
پولیس نے اس بات کی اس کی تصدیق کی۔پولیس کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی رات کریڑا پولیس اسٹیشن کے علاقے میں پیش آیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم لوہے کی سلاخ کی مدد سے دکان کا تالا توڑنے کی کوشش کر رہا تھا۔ اس نے وہی ماسک پہن رکھا تھا
جو اکثر سیاسی جلسوں میں وزیرِ اعظم نریندر مودی کے چہرے کی شکل میں دیکھا جاتا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کئی بار کوشش کرنے کے باوجود تالا نہ توڑ سکا اور آخرکار وہاں سے فرار ہو گیا۔ یہ سارا واقعہ دکان کے قریب نصب سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہو گیا۔
کریڑا تھانے کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر پورن مال مینا نے بتایا کہ ملزم نے اپنی شناخت چھپانے کے لیے نریندر مودی کا ماسک پہن رکھا تھا۔انہوں نے کہا "چوری کی کوشش کرنے والا شخص وزیرِ اعظم نریندر مودی کے چہرے والا ماسک پہنے ہوئے تھا تاہم علاقے کے دیگر سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج میں اس کا اصل چہرہ نظر آ رہا ہے
اور اس کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔”پولیس کے مطابق یہی شخص دن کے وقت بھی اسی علاقے میں بغیر ماسک اور انہی کپڑوں میں گھومتا ہوا دیکھا گیا تھا۔اسٹیشن ہاؤس آفیسر نے مزید بتایا کہ اسی رات چوری کی کوشش والی جگہ سے تقریباً 800 میٹر دور واقع ایک اور موبائل فون کی دکان میں کامیاب چوری بھی ہوئی تھی
تاہم پولیس نے ابھی تک یہ طے نہیں کیا ہے کہ سی سی ٹی وی میں نظر آنے والا یہی شخص اس دوسری چوری میں بھی ملوث تھا یا نہیں، کیونکہ جس دکان میں چوری ہوئی وہاں سی سی ٹی وی کیمرہ موجود نہیں تھا۔ پولیس کا کہنا ہے
کہ ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات اور تلاش کا عمل جاری ہے۔



