جنرل نیوز

کمرہ عدالت میدان جنگ‘ وکیل سپاہی۔ شعبہ قانون میں تعلیمی مواقع کے زیر عنوان ایڈوکیٹ سید غیاث الدین کا خطاب

حیدرآباد۔ 24 ستمبر (پریس نوٹ) ہندوستان کے موجودہ حالات میں کمرہ عدالت میدان جنگ بن گئے ہیں اور وکلاء کی حیثیت سپاہی کی ہے۔ شہر کے ایک ابھرتے ہوئے وکیل سید غیاث الدین ایل ایل ایم نے ڈان ہائی اسکول ملک پیٹ میں ایک لکچر دیتے ہوئے یہ بات کہی۔ شعبہ قانون میں تعلیمی مواقع کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے غیاث الدین نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ ایک مشن کے طورپر پیشہ وکالت اختیار کریں۔

انھوں نے کہا کہ اس پیشہ کو صرف آمدنی کے ذریعے کے طورپر دیکھنا اس کے امکانات کو محدود کرنے کے مماثل ہے۔ انھوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ شعبہ قانون میں اپنی چھاپ چھوڑنے کے لئے انگریزی زبان پر عبور حاصل کریں اور مسائل اور مضامین کو مختصر اور مؤثر انداز میں ڈھالنا سیکھیں۔ مقامی زبان تلگو سے بھی واقفیت حاصل کریں۔ ایڈوکیٹ غیاث الدین نے کہا کہ حیدرآباد فارماسٹی بننے جا رہا ہے، اس لئے آنے والے دنوں میں اس شعبے میں کمپنیوں کو کئی وکلاء کی ضرورت پڑے گی جنھیں اعلیٰ عہدوں پر مقرر کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ قانون کے بارے میں معلومات رکھنا صرف شعبہ قانون سے وابستہ افراد کے لئے نہیں بلکہ تمام شہریوں کے لئے ضروری ہے کیونکہ کئی معاملات قوانین کے ہی پابند اور تابع ہیں۔

ڈان اسکول کی طالبات کے علاوہ فارغ التحصیل طلباء و طالبات اور دیگر افراد نے اس لکچر سے استفادہ کیا۔ ایڈوکیٹ غیاث الدین کے خطاب کے بعد سوالات و جوابات کا سیشن ہوا جس میں طلبہ و دیگر نے دلچسپ سوالات کئے جن کا مہمان مقرر نے تشفی بخش جواب دیا۔ چیرمین ڈان گروپ آف انسٹی ٹیوشنس فضل الرحمن خرم نے کہا کہ مختلف شعبوں کے ماہرین کو لکچر اور خیالات کے اظہار کے لئے مدعو کرنا طلباء و طالبات کی شخصیت کو مجموعی اعتبار سے نکھارنے کے انتظامیہ کے ویژن کا حصہ ہے۔ ممتاز ماہر امراض جلد ڈاکٹر غلام عباس نے صدارت کی اور ایڈوکیٹ سید غیاث الدین کو گلدستہ پیش کیا۔ اس موقع پر 10ویں جماعت کی طالبات نے تحریک آزادی سے متعلق سبق پر مشتمل ایک ڈرامہ ’Stained Dawn‘ (داغدار صبح) پیش کیا۔ 10ویں جماعت کی طالبات شافعہ منظور اور حرا کونین نے کارروائی چلائی اور سیدہ سفانہ جبین صدیقہ نے شکریہ ادا کیا۔ ٹیچر آشکار مہوش نے انتظامات کی نگرانی کی۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button