اترپردیش میں اگر سماج وادی پارٹی اقتدار پر آئی تو اعظم خان ہوں گے وزیر داخلہ: شیو پال سنگھ یادو

نئی دہلی:اتر پردیش کے رام پور ضلع میں سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کے چچا اور رکنِ اسمبلی شیو پال سنگھ یادو بدھ کے روز جیل میں محروس سابق وزیر اعظم خان سے ملاقات کرنے پہنچے۔
شیو پال نے تقریباً ایک گھنٹے تک ان سے جیل میں ملاقات کی۔ جیل سے باہر آنے کے بعد شیو پال نے میڈیا سے کہا کہ اس بار سماج وادی پارٹی کی حکومت میں اعظم خان کو وزیرِ داخلہ بنایا جائے گا۔شیو پال نے اعظم خان کی اہلیہ اور سابق رکنِ پارلیمنٹ تنزیِن فاطمہ اور بڑے بیٹے ادیب اعظم سے بھی ملاقات کی۔
اس کے بعد شیو پال جوہر یونیورسٹی کے عہدیداروں سے ملے اور ان کے ساتھ میٹنگ میں مسائل سنے۔ریاست کی بی جے پی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے سماج وادی پارٹی کے رکنِ اسمبلی شیو پال سنگھ یادو نے کہا”اس حکومت نے ہر شعبے میں بہت لوٹ مار کی ہے۔
یہ سب بدعنوان ہیں۔ یہ رشوت لیتے ہیں اور کوئی کام بھی نہیں کرتے۔ لہٰذا ہمیں انہیں (بی جے پی کو) شکست دینی ہے اور ریاست میں سماج وادی پارٹی کی حکومت بنانی ہے۔“اس کے بعد جب اعظم خان کے بارے میں بات ہوئی اور پیچھے سے کسی نے کہا کہ انہیں وزیرِ دفاع بنایا جائے تو شیو پال نے کہا کہ وزیرِ دفاع بننے سے پہلے انہیں ریاست کا وزیرِ داخلہ بنایا جائے گا۔
انھوں نے مزید کہا”میں صرف یہ کہنا چاہتا ہوں کہ اعظم خان 10 مرتبہ رکنِ اسمبلی اور دو مرتبہ رکنِ پارلیمنٹ رہے ہیں جبکہ عبداللہ اعظم دو مرتبہ رکنِ اسمبلی رہے ہیں اور ان کی اہلیہ بھی رکنِ اسمبلی اور راجیہ سبھا کی رکن رہ چکی ہیں۔ اتنے عہدوں پر رہنے، سینئر رہنما اور عوامی نمائندہ ہونے کے باوجود، ان کے خلاف کئی مقدمات درج ہیں، جن میں متعدد مجرمانہ الزامات بھی شامل ہیں۔“
شیو پال نے مزید کہا کہ سماج وادی پارٹی کی حکومت بنتے ہی تمام مظالم کا بدلہ لیا جائے گا اور ظلم کرنے والے افسران اور سازش کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔شیو پال نے کہا کہ اعظم خان نے جیل سے پیغام بھیجا ہے کہ اکھلیش یادو پورے اتر پردیش کا دورہ کریں اور عوام کے درمیان جا کر سماج وادی پارٹی کی حکومت کے حق میں ماحول بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ اتنے مظالم کے باوجود اعظم خان نے ہمت نہیں ہاری اور وہ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ وہ مکمل طور پر سماج وادی پارٹی اور اکھلیش یادو کے ساتھ کھڑے ہیں۔



