نلگنڈہ ٹیچر قتل واقعہ۔ خنجر سے 27 وار کرکے جان لینے کا انکشاف

نلگنڈہ: ریاست تلنگانہ نلگنڈہ ضلع کے کونڈاملے پلی منڈل ہیڈ کوارٹر کے جے بی کالونی میں خاتون کے قتل کی وارادات میں یہ چونکا دینے والا انکشاف ہوا ہے کہ مقتول خاتون کے جسم پر زخموں کے 27 نشانات پائے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق شہر کے ایک پرائیویٹ اسکول کی پرنسپل کے طور پر کام کرنے والی روپا ریڈی (عمر 48 سال) اپنے شوہر راجندر ریڈی کے ساتھ مقامی جے بی کالونی میں رہتی تھیں چونکہ حیدرآباد میں بھی ان کا اپنا مکان ہے اور ان کا بیٹا ابھینو ریڈی حیدرآباد میں انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کر رہا ہے اس لیے وہ اکثر حیدرآباد آتے جاتے رہتے تھے۔
پچھلے ہفتے ہفتہ سے لگاتار تین دن کی چھٹیاں ہونے کی وجہ سے روپا ریڈی اپنے شوہر کے ساتھ حیدرآباد گئی تھیں چونکہ شوہر کو حیدرآباد میں کچھ کام تھا اس لیے وہ اکیلی منگل کی صبح کونڈاملے پلی واپس آئیں اور اسکول میں حاضر ہوئیں۔
وہ روزانہ شام ساڑھے چھ بجے تک اسکول میں ہی رہتی تھیں لیکن منگل کے روز یہ کہہ کر کہ ان کے گھر پر دوست آرہے ہیں وہ شام 5:25 بجے کے قریب اسکول کے قریب ہی واقع اپنے گھر چلی گئیں۔ چہارشنبہ کی صبح شوہر نے فون کیا تو فون سوئچ آف تھا
جس پر انہوں نے اپنے گھر میں کرائے سے رہنے والوں کو فون کرکے گھر کے اندر جاکر دیکھنے کو کہا۔ متعلقہ افراد نے آکر پکارا لیکن کوئی جواب نہ ملنے پر انہوں نے فون کے ذریعے شوہر کو دوبارہ اطلاع دی۔
اس پر پریشان ہو کر شوہر راجندر ریڈی نے اپنے گھر کے پاس ہی رہنے والے چنتا پلی کے سب انسپکٹر رام مورتی کو فون کیا اور ان سے اپنے گھر جاکر دیکھنے کی درخواست کی۔ مذکورہ سب انسپکٹر نے پڑوسیوں کے ساتھ مل کر گھر کے اندر جا کر دیکھا تو خاتون کی نعش خون میں لت پت پڑی ہوئی تھی ۔
بتایا جاتا ہے کہ ان کے جسم پر چاقو کے 27 وار کیے گئے تھے۔ اس کے بعد پولیس موقع واردات پر پہنچی اور ڈاگ اسکواڈ کے ساتھ معائنہ کیا۔ دیور کونڈہ کے ڈی ایس پی سرینواس راؤ، سی آئی نوین کمار اور ایس آئی رمیش نے جائے واردات کا معائنہ کیا۔



