ایجوکیشن

آئیڈیل اسکول فار ڈس ایبلڈ میں عالمی یومِ معذورین کے موقع پرخصوصی پروگرام – ڈاکٹر محمد مبشر احمد، صدر آئی آئی سی ڈی و دیگر کا خطاب

آئیڈیل اسکول فار ڈس ایبلڈ میں عالمی یومِ معذورین کے موقع پرخصوصی پروگرام

مہمانوں کے جذباتی تاثرات، تعریف اور مستقبل میں تعاون کے عزم کا اظہار

ڈاکٹر محمد مبشر احمد، صدر آئی آئی سی ڈی و دیگر کا خطاب

عالمی یومِ معذورین کے سلسلے میں آئیڈیل اسکول فار ڈس ایبلڈ ، آئی آئی سی ڈی، عثمان پورہ، حیدرآبادمیں ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ بصارت سے محروم طالب علم ماسٹر حیدر نے سورہ رحمٰن کی تلاوت اس انداز میں پیش کی کہ پورا ہال سکوت اور روحانی کیفیت میں ڈوب گیا۔قاری کی دل سوز آواز نے مہمانانِ گرامی سمیت ہر شرکاء کے دل کو گہرائی سے متاثر کیا

 

۔اس کے بعد وائس پرنسپل مسٹرسریناتھ نے تلگو زبان میں استقبالیہ خطاب پیش کیا۔ انہوں نے مہمانوں،سرپرستوں، اساتذہ اور خیر خواہوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہر بچے کو مواقع فراہم کرنا معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے، خواہ وہ کسی بھی جسمانی یا ذہنی چیلنج کا سامنا کیوں نہ کر رہا ہو۔ بصارت سے محروم، سماعت سے محروم اور ذہنی طور پر مختلف صلاحیتوں کے حامل بچوں نے نغمہ خوانی، ثقافتی اور خوبصورت اسکل پرفارمنس پیش کی۔ بچوں کی ہمت، اعتماد، محنت اور خوشی نے حاضرین کے دلوں کو چھو لیا۔

 

کئی مہمان ان مناظر کو دیکھ کر بے ساختہ جذباتی ہوگئے۔ ہال بار بار تالیوں سے گونج اٹھا اور بچوں کی طاقت، حوصلے اور صلاحیتوں کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ مہمانوں کی شال اڑھا کر اور یادگاری مومنٹو پیش کر کے پذیرائی کی گئی۔ اس موقع پر کئی مہمانوں نے اپنے اظہارِ خیال میں کہا کہ وہ اس بامقصد اور متاثر کن پروگرام کا حصہ بن کر خود کو خوش قسمت محسوس کر رہے ہیں۔مہمان خصوصی اور دیگر مہمانانِ اعزاز ی نے اسکول کی خدمات کی نہ صرف تعریف کی بلکہ بچوں کی کارکردگی کو خوب سراہا۔ انہوں نے اساتذہ اور عملے کی محنت کو سراہتے ہوئے اسے ایک عظیم خدمت قرار دیا۔ متعدد مہمانوں نے مستقبل میں بھی اسکول کے ساتھ ہر ممکن تعاون، رہنمائی اور وسائل فراہم کرنے کا وعدہ کیا تاکہ ان بچوں کے لیے بہتر مواقع پیدا کیے جا سکیں۔

 

اختتامی خطاب میں ڈاکٹر محمد مبشر احمد، صدر آئی آئی سی ڈی،حیدرآباد نے کہا کہ سماج میں معذور بچوں کی ترقی اور اُن کی زندگی بہتر بنانے کے لیے اجتماعی جدوجہد، شفقت، ہمدردی اور مسلسل تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے تمام شرکاء کو ایک ہم آہنگ، معاون اور باہمی احترام پر مبنی معاشرہ تشکیل دینے کی ترغیب دی۔جناب ایس ایم نویدالرحمٰن،سکریٹری،آئیڈیل انفارمیشن سینٹر فار ڈس ایبلڈ،حیدرآباد کے علاوہ اساتذہ،طلبہ اور سرپرستوں کی کثیر تعداس موقع پر موجود تھی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button