نیشنل

ہندوستان میں بڑی آئینی تبدیلی کی تیاری؟ پارلیمنٹ کی نشستیں 850 تک بڑھانے کی تجویز

ہندوستان میں لوک سبھا حلقوں کی نئی حد بندی (Delimitation) سے متعلق ایک اہم اور حیران کن تجویز تیار کی گئی ہے، جس کے تحت پارلیمنٹ کی نشستوں کی تعداد میں بڑی سطح پر اضافہ کیا جائے گا۔

 

مجوزہ منصوبہ کے مطابق موجودہ لوک سبھا نشستوں کی تعداد کو بڑھا کر تقریباً 850 تک لے جانے کا امکان ہے۔ اس میں 815 نشستیں ریاستوں کے لئے جبکہ 35 نشستیں مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے لیے مختص کرنے کی تجویز شامل ہے۔

 

ذرائع کے مطابق اس بڑے آئینی و سیاسی فیصلے کو عملی شکل دینے کے لیے حکومت 131ویں آئینی ترمیمی بل لانے پر غور کر رہی ہے، اور اس حوالے سے ابتدائی معلومات ارکان پارلیمنٹ تک بھی پہنچائی جا چکی ہیں۔

 

حکومت کا مؤقف ہے کہ یہ فیصلہ بڑھتی ہوئی آبادی کے مطابق عوامی نمائندگی کو بہتر بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ اگر یہ منصوبہ منظور ہو جاتا ہے تو پارلیمنٹ میں نمائندگی کا دائرہ مزید وسیع ہو جائے گا۔

 

تاہم اس ممکنہ تبدیلی پر سیاسی حلقوں میں بحث بھی شروع ہو گئی ہے، خاص طور پر یہ سوال کیا جا رہا ہے کہ شمالی اور جنوبی ریاستوں پر اس کے کیا اثرات مرتب ہوں گے۔

 

دوسری جانب نئے پارلیمنٹ ہاؤس میں ارکان کی بڑھتی ہوئی تعداد کے مطابق نشستوں کی پہلے ہی منصوبہ بندی مکمل کی جا چکی ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آنے والے دنوں میں یہ بل پارلیمنٹ میں پیش کیا جا سکتا ہے، جو ہندوستان کی سیاسی تاریخ میں ایک بڑے آئینی اصلاحاتی قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button