نیشنل

ہندوستان نے 26 مقامات پر پاکستان کے ڈرون حملوں کو ناکام بنا دیا

نئی دہلی: ہندوستانی فوج نے جموں کے نزدیک پاکستانی چوکیوں اور دہشت گردوں کے لانچ پیڈ کو تہس نہس کردیا ہے جہاں سے ڈرونس داغے جارہے تھے۔

 

اِس کے ساتھ ساتھ بھارت کی دفاعی فورسز نے کنٹرول لائن اور بین الاقوامی سرحد پر بارہمولہ سے لے کر بُھج تک کَل رات 26 مقامات پر پاکستان کے ڈرون حملوں کو ناکام بنا دیا۔ اِن میں مشتبہ مسلح ڈرون بھی شامل ہیں، جن سے سویلین اور فوجی ٹھکانوں کو خطرہ لاحق تھا۔

 

محکمہ دفاع کے ذرائع کے مطابق اِن مقامات میں بارہمولہ، سری نگر، اونتی پورہ، نگروٹہ، جموں، فیروزپور، پٹھان کوٹ، فاضلکا، لال گڑھ جٹّا، جیسلمیر، باڑمیر، بُھج، Kuarbet اور Lakhi نالہ شامل ہیں۔

 

مسلح ڈرونس نے پنجاب میں فیروزپور، امرتسر اور پٹھان کوٹ سمیت سرحدی ضلعوں پر حملہ کرنے کی کوشش کی لیکن بھارتی دفاعی افواج نے اِن کوششوں کو کامیابی کے ساتھ پسپا کردیا۔ البتہ فیروزپور میں حملے کی وجہ سے ایک خاندان

 

کے تین ارکان زخمی ہوگئے اور مکان کو نقصان پہنچا۔ اِن لوگوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے اور اُن کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔فیروزپور کے پولیس سربراہ بھوپیندر سنگھ سدّھو کے مطابق یہ اپنی نوعیت کا ایک واقعہ ہے کیونکہ بھارتی فوج بیشتر حملوں کو مؤثر انداز سے ناکام بنا رہی ہے۔

 

بھارتی مسلح افواج سخت چوکسی برت رہی ہیں اور اِس طرح کے سبھی فضائی خطرات پر نظر رکھی جا رہی ہے اور ڈرون شکن نظام کا استعمال کرتے ہوئے اِنھیں مؤثر انداز سے ناکام بنایا جا رہا ہے۔ صورتحال پر لگاتار قریبی نظر رکھی جا رہی ہے اور جہاں کہیں بھی ضروری ہے فوری کارروائی کی جا رہی ہے۔

 

سرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو صلاح دی گئی ہے کہ وہ گھروں کے اندر ہی رہیں، غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں اور مقامی حکام کی جانب سے جاری کی گئی سیکیورٹی ہدایات پر سختی کے ساتھ عمل کریں۔ حکام نے کہا ہے کہ گھبرانے کی کوئی بات نہیں ہے لیکن مستعدی اور چوکسی بڑھانا اور احتیاط برتنا ضروری ہے۔

 

لیفٹننٹ جنرل راجیو چوپڑہ نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ غلط اور فرضی جانکاری پر یقین نہ کریں اور سرکاری پریس بریفنگ جیسے بھروسے مند ذرائع پر ہی یقین کریں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button