سعودی عرب میں واقعات کی ویڈیوز بنانے اور سوشل میڈیا پر شیئر کرنے سے گریز کی ہندوستانیوں کو ہدایت

سعودی عرب میں کشیدگی کے پیش نظر ہندوستانی شہریوں کے لیے سفارت خانے کی ہدایات، فضائی حملوں کی صورت میں محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا مشورہ
ریاض: سعودی عرب میں کشیدہ حالات کے پیش نظر ہندوستانی سفارت خانے نے وہاں مقیم ہندوستانی شہریوں کو چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے۔ سفارت خانے کی جانب سے جاری تازہ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ فضائی حملوں کی صورت میں فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں اور اگر کمرے کے اندر موجود ہوں تو کھڑکیوں سے دور رہیں۔ اس کے علاوہ وہاں پیش آنے والے واقعات کی تصاویر اور ویڈیوز بنانے یا انہیں دوسروں کے ساتھ شیئر کرنے سے بھی گریز کریں۔
سفارت خانے کے عہدیدار زخمی ہندوستانی شہریوں کا علاج کرنے والے اسپتالوں کا مسلسل دورہ کر رہے ہیں اور ان کے اہل خانہ سے رابطہ برقرار رکھتے ہوئے ضروری امداد فراہم کر رہے ہیں۔
دوسری جانب ریاض کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے فی الحال پروازوں کی آمدورفت معطل ہے، جبکہ کچھ رکاوٹوں کے باوجود دمام، جدہ اور مدینہ کے ہوائی اڈوں سے پروازوں کا سلسلہ جاری ہے۔
سعودی عرب کی صورتحال کے پیش نظر ہندوستانی فضائی کمپنیوں نے اپنی پروازیں عارضی طور پر معطل کردی ہیں۔ ایئر انڈیا، ایئر انڈیا ایکسپریس اور انڈیگو نے 24 اکتوبر تک، جبکہ آکاسا ایئر نے 27 اکتوبر تک اپنی خدمات روک دی ہیں۔ تاہم ہندوستان سے دمام، جدہ اور مدینہ کے لیے محدود تعداد میں پروازیں چل رہی ہیں۔ ہنگامی طور پر سفر کرنے والے مسافروں کو بحرین، کویت یا قطر کے راستوں کا انتخاب کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
سفارت خانے نے عمرہ سمیت دیگر مقاصد کے لیے سعودی عرب جانے کا ارادہ رکھنے والے ہندوستانی شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ہوائی اڈوں پر ممکنہ رکاوٹوں اور پروازوں کی منسوخی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے سفر کے بارے میں فیصلہ کریں۔ ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ ہنگامی حالات میں ہندوستانی شہری کسی بھی وقت سفارت خانے یا قونصل خانے میں قائم کنٹرول روم سے رابطہ کرسکتے ہیں۔



