نیشنل

بیوی کی مبینہ ہراسانی سے تنگ شخص نے موت کی اجازت مانگ لی

سورت : گجرات کے شہر سورت میں ایک شخص نے اپنی بیوی کی مبینہ ہراسانی سے تنگ آکر ضلع کلکٹر کو خط لکھتے ہوئے موتِ  (یوتھینیشیا) کی اجازت طلب کر لی، جس کے بعد یہ معاملہ بحث کا موضوع بن گیا ہے۔

 

اطلاعات کے مطابق کرت پٹیل نامی شخص کی 2024 میں ایک مقامی خاتون سے شادی ہوئی تھی۔ دونوں کی یہ تیسری شادی تھی۔ پٹیل نے الزام لگایا ہے کہ شادی کے بعد سے ان کی بیوی اور ساس مسلسل رقم کا مطالبہ کرتے ہوئے انہیں ذہنی طور پر ہراساں کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے خلاف جھوٹی شکایات درج کرا کے انہیں شدید ذہنی اذیت میں مبتلا کیا گیا۔

 

کرت پٹیل نے اپنے خط میں مزید دعویٰ کیا کہ خواتین کے تحفظ کے لئے بنائے گئے قوانین کا غلط استعمال کیا گیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ان کی بیوی نے ماضی میں بھی اپنے سابق شوہروں کو اسی طرح ہراساں کیا اور ان سے رقم وصول کی تھی۔ پٹیل کے مطابق انہوں نے پولیس سے بھی رجوع کیا، لیکن ان کی شکایت پر کوئی مؤثر کارروائی نہیں ہوئی۔

 

متاثرہ شخص نے خط میں لکھا کہ وہ مسلسل ذہنی دباؤ اور گھریلو تنازعات کا سامنا کر رہے ہیں، اس لیے انہیں مرنے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ گھریلو تشدد یا ہراسانی کا شکار مردوں کے لئے قانونی تحفظ ناکافی ہے۔  اس درخواست پر ضلعی انتظامیہ کے ردعمل کا انتظار ہے

متعلقہ خبریں

Back to top button