تلنگانہ

اردو ورکنگ جرنلسٹس ضلع نرمل کےزیراہتمام عظیم الشان جشن دوسوسالہ اردو صحافت کا اہتمام ۔ صحافیوں کو تہنیت اور ایکسلنس ایوارڈزکی پیشکشی۔ ریاستی مشاعرہ کا اہتمام

نرمل۔13/نومبر: اردو ورکنگ جرنلسٹس ضلع نرمل کی جانب سے 12 نومبر، بروز ہفتہ بعد مغرب ضلع مستقر نرمل کے آئی۔اے۔فنکشن ہال میں عظیم الشان "جشن دوسوسالہ اردو صحافت” و متحدہ ضلع عادل آباد، نظام آباد و کاماریڈی کے سینئر اردو ورکنگ جرنلسٹس کو مولانا آزاد ایکسلنس ایوارڈز کی پیشکش اور ریاستی مشاعرہ (بیادگار نرمل کے نامور صحافی و شاعر جناب سید عقیل اسعد مرحوم)” کا اہتمام کیا گیا۔
سینئر اردو ورکنگ جرنلسٹس کو تہنیت اور ایکسلنس ایوارڈز کی پیشکش کے پروگرام میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے ملک کے نامور و بےلوث سینئر صحافی، پاسبان اردو صحافت، قائد ٹی یو ڈبلیو جے (آئی جے یو ) جناب ایم۔اے۔ماجد صدر تلنگانہ اردو جرنلسٹس فیڈریشن اور مہمانان اعزازی کی حیثیت سے جناب غوث محی الدین جنرل سیکرٹری ٹی یو ڈبلیو جے ایف، جناب حبیب جیلانی جوائنٹ سکریٹری، جناب محمد محسن صدر حیدرآباد سٹی، جناب محمد امجد علی نیوز اینکر، بی بی این چینل وغیرہ نے اپنی شرکت کے ذریعہ تقریب کی شان بڑھائی ۔
صحافیوں کو ایوارڈز کی پیشکش کے پروگرام کا آغاز قرآت کلام پاک، حمد اور نعت سے ہوا۔ جناب رشید عالم الحفیظی نے آغاز کیا۔ جس کی صدارت ضلع کے سینئر اردو صحافی جناب ایم۔اے۔وسیم، اسٹاف رپورٹر روزنامہ آداب تلنگانہ نے کی اور انہوں نے ہی نظامت کے فرائض انجام دیئے اور مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ اس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے پاسبان اردو صحافت قائد ٹی یو ڈبلیو جے (آئی جے یو) محترم جناب ایم۔اے۔ماجد صدر تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن نے فیڈریشن کے قیام اور موجودہ حالات میں اس کی اہمیت، افادیت، ضرورت اور اس کی اب تک کی شاندار و مثالی کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
انہوں نے اضلاع میں خدمات انجام دے رہے اردو صحافیوں کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے یہ مژدہ سنایا کہ بہت جلد امریکن قونصل خانہ کے تعاون سے اردو صحافیوں کے لئے آن لائن و آف لائن تربیتی کورس شروع کیا جارہا ہے۔ جس کے تحت تربیت حاصل کرنے والے صحافیوں کو تربیت کے دوران معاوضہ بھی ملے گا۔ انہوں نے اس شاندار و مثالی تقریب کے انعقاد پر اردو ورکنگ جرنلسٹس نرمل کی ٹیم کو مبارکباد دی۔ بعد ازاں نرمل، بھینسہ، مدھول، خانہ پور، عادل آباد، جینور، کیرامیری، کاغذ نگر، آصف آباد، نظام آباد، کاماریڈی وغیرہ سے آئے ہوئے 100 سے زائد اردو ورکنگ جرنلسٹس کی جناب ایم۔اے۔ماجد و دیگر مہمانوں و جناب عظیم بن یحیی صدر مجلس نرمل کے ہاتھوں گلپوشی و شالپوشی کے ذریعہ تہنیت پیش کی گئی اور انہیں مولانا آزاد ایکسلنس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ سب سے پہلے جناب عقیل اسعد مرحوم کے فرزند حافط نبیل کی گلپوشی و شالپوشی کی گئی اور انہیں مولانا آزاد یادگار

میمنٹو دیا گیا۔
تہنیت اور ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں سینئر اردو ورکنگ جرنلسٹس سید جلیل ازہر (جن کا ایوارڈ ان کے فرزند نے حاصل کیا)، ایم۔اے۔وسیم، رشید عالم الحفیظی، افتخار احمد، ایم۔اے۔رشید، محسن بن محمد، علی پاشاہ قادری، احمد امتیاز علی، طاہر پٹھان، شیخ مجاہد (نرمل)، اعجاز احمد خان، سید محمد پاشاہ، اکبر خان، کلیم الدین خالد، سید جاوید، عارف خان، اظہر احمد خان، قاضی وسیم، الیاس بیگ، سید سرفراز، عبدالاحد ساحل، افروز خان(بھینسہ)، شفیع اللہ خان، تجمل احمد، سید حیدر، اقبال احمد (مدھول) عابد احمد (کاغذنگر)، محمد مجیب الدین، حافظ شیخ قیصر احمد (خانہ پور)، محبوب خان، حمیداللہ انور، شفیق احمد اطہر، شاہد احمد توکل، خضر یافعی، عمیم شریف، عصمت علی، محمد معیز (عادل آباد)، محمد عبدالرحمن، عبدالحنان، سید سوجل، عبدالغفار، حافظ احمد امین، حافظ عتیق الرحمن (آصف آباد)، اعجاز احمد (کیرامیری)، عبدالعزیز (جینور)، اشفاق احمد خان، احمد علی خان، سید اسد، محمد جاوید علی، امیر الدین، عثمان علی شوکت، انور خان، خالد خان (نظام آباد)، کوثر علی (کاماریڈی) وغیرہ شامل ہیں۔بعدازاں منتظمین کی جانب سے جناب ایم۔اے۔ماجد و حیدرآباد سے آئے ہوئے تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن کے قائدین کی گلپوشی و شالپوشی کرتے ہوئے انہیں تہنیت پیش کی گئی اور مولانا آزاد یادگار میمنٹوز دئیے گئے۔
نصف شب 12 بجے یہ تقریب اختتام کو پہونچی۔ اس کے فوری بعد ریاستی مشاعرہ (بیادگار نامور صحافی وشاعر جناب سید عقیل اسعد مرحوم) کا آغاز ہوا جس کی سرپرستی ایڈیٹر روزنامہ دبنگ صحافت جناب رشید عالم الحفیظی اور صدارت محمد اظہر حسین جنرل سیکریٹری ٹی پی سی سی میناریٹی سیل نے کی۔ اس مشاعرہ میں جو رات 3 بجے اختتام کو پہونچا مہمان شعراء کرام محبوب خان اصغر (حیدرآباد)، ڈاکٹر رضی شطاری، شریف اطہر (نظام آباد )،شیخ احمد ضیاء (بودھن)، رحیم راہی (عادل آباد)، کھٹ پٹ بھینسوی، میزبان شعراء محسن بن محمد، تجمل حسین، عسکر نرملی، افضل افسر، یوسف نرمل وغیرہ نے اپنا کلام سناکر سامعین سے خوب داد حاصل کی۔ فہیم ماجد اور عامر بن ماجد نے عقیل اسعد مرحوم کا کلام سنایا۔ جناب حبیب احمد الجیلانی نے مرحوم عقیل اسعد سے اپنی دیرینہ رفاقت کا تذکرہ کیا۔
مشاعرہ کے اختتام پر مہمان و میزبان تمام شعراء کو منتظمین اردو ورکنگ جرنلسٹس نرمل کی جانب سے گلپوشی و شالپوشی کے ذریعہ تہنیت پیش کی گئی اور مولانا آزاد یادگار میمنٹوز جناب محمد اظہر حسین، عمران اللہ کونسلر، محمد عبدالمتین، محمد توحیدالدین رفو کونسلر،رشید عالم الحفیظی، ایم۔اے۔وسیم کے ہاتھوں دئیے گئے۔ بعدازاں ان تمام قائدین اور جناب حبیب احمد الجیلانی، شیخ کلیم احمد و دیگر کی بھی گلپوشی و شالپوشی کرتے ہوئے انہیں تہنیت پیش کی گئی اور مولانا آزاد یادگار میمنٹوز دئیے گئے۔ ان دو عظیم الشان و خوبصورت محافل کے انعقاد سینئر میں اردو ورکنگ جرنلسٹس جناب ایم۔اے۔وسیم، رشید عالم الحفیظی، محسن بن محمد، امین پٹیل نے اپنے معاونین کے ساتھ اہم رول ادا کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button