اڈیشہ کے سرکاری ہاسپٹل میں بھیانک آگ ، آئی سی یو میں 10 مریض ہلاک -11 زخمی

اڈیشہ کے شہر کٹک میں واقع ایس سی بی میڈیکل کالج و اسپتال میں پیش آئے خوفناک آتشزدگی کے واقعہ نے سنسنی پھیلا دی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اسپتال کے ٹراما کیئر آئی سی یو میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجہ میں کم از کم 10 مریضوں کی موت ہوگئی۔
آگ لگتے ہی پورے اسپتال میں افراتفری مچ گئی۔ عملہ اور تیمارداروں نے فوری طور پر دیگر مریضوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی کوشش کی۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کی کارروائی شروع کردی گئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے، تاہم حکام نے واقعہ کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ کئی مریضوں کو دیگر وارڈز اور قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
ریاست کے چیف منسٹر موہن چرن ماجھی نے اس افسوسناک حادثہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکین کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ انہوں نے ہر متوفی کے خاندان کو 25 لاکھ روپے بطور معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
حکام کے مطابق آگ پر بڑی حد تک قابو پا لیا گیا ہے جبکہ ریسکیو اور تفتیشی کارروائیاں جاری ہیں۔



