نیشنل

اترپردیش۔جمعتہ الوداع اور عید کی نماز سڑکوں پر ادا کرنے والے سینکڑوں افراد کے خلاف مقدمات درج

نئی دہلی: پولیس نے کانپور اور علی گڑھ کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں جمعتہ الوداع  اور عید الفطر  کے دن سڑکوں پر نماز پڑھنے پر سینکڑوں افراد کے خلاف پانچ مقدمات درج کئے ہیں۔ کانپور میں پولیس نے بڑی عیدگاہ، بینجہبار، جاجماؤ اور بابو پوروا میں عید الفطر کے موقع پر سڑک پر نماز ادا کرنے پر 1,700 لوگوں کے خلاف تین ایف آئی آر درج کئے ہیں۔

بینجہبار میں 1500 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔ اسی طرح جاجماؤ میں 200 سے 300 اور بابو پوروا میں 30 سے ​​40 لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔ جن افراد کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں ان میں عیدگاہ کی انتظامی کمیٹیوں کے ارکان بھی شامل ہیں۔

کانپور کے بابو پوروا میں ایف آئی آر درج کرنے والے سب انسپکٹر برجیش کمار نے کہا کہ امن کمیٹی کی میٹنگ کے دوران یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ نماز صرف عیدگاہ کے اندر ادا کی جائے گی اور جو لوگ ہجوم کی وجہ سے نماز نہیں پڑھ سکتے وہ دوسری شفٹ میں ادا کریں گے۔اسی طرح بجاریا پولیس میں درج ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ممنوعہ احکامات کے باوجود سینکڑوں لوگوں نے سڑکوں پر چٹائیاں بچھا کر عید کی نماز ادا کی۔کانپور کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس سینٹرل پرمود کمار نے کہا کہ پولیس سی سی ٹی وی اور ڈرون فوٹیج کی جانچ کر رہی ہے۔

علی گڑھ میں جمعتہ الوداع کی نماز اور عیدالفطر کے دن سڑک پر نماز پڑھنے پر نامعلوم افراد کے خلاف دو مختلف پولیس اسٹیشنوں میں دو مقدمات درج کیے گئے۔ علی گڑھ کے کوتوالی نگر اور دہلی گیٹ پولیس اسٹیشنوں میں درج مقدمات سے متعلق معاملے کی پولس تحقیقات جاری ہے۔

علی گڑھ کے سپرنٹنڈنٹ پولیس نے کہا‌ "ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی طرف سے علی گڑھ میں وسیع انتظامات کیے گئے تھے۔ مذہبی رہنماؤں اور امن کمیٹی کے نمائندوں کے ساتھ میٹنگیں کی گئیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ عید کے موقع پر سڑکوں پر نماز نہ پڑھی جائے۔تاہم چند نامعلوم (لوگوں) نے جمعتہ الوداع کی نماز اور عید کے تہوار کے دوران ممنوعہ احکامات کی خلاف ورزی کی پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے انہیں ایسا نہ کرنے پر آمادہ کرنے کے باوجود وہ نماز کے لیے سڑک پر بیٹھ گئے۔ علی گڑھ کے ایس پی نے مزید کہا کہ علی گڑھ شہر کے دہلی گیٹ اور کوتوالی پولیس اسٹیشنوں میں چہارشنبہ کو نامعلوم افراد کے خلاف اس طرح کے مقدمات درج کیے گئے۔ پولیس حکام اب سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ امتناعی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کی شناخت کی جا سکے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button