علاقائی تعصب دہشت گردی سے بھی زیادہ نقصان دہ : پون کلیان
حیدراباد -2جون ( اردو لیکس ) آندھرا پردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر اور جنا سینا پارٹی کے صدر پون کلیان نے کہا ہے کہ علاقائی تعصب دہشت گردی سے بھی زیادہ نقصان دہ ہے۔
حیدرآباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے حالیہ ’’مارواڑی گو بیک‘‘ تحریک پر سخت ردعمل ظاہر کیا اور کہا کہ ایسے رجحانات پر مرکزی حکومت کو سنجیدگی سے توجہ دینی چاہیے۔پون کلیان نے کہا کہ تمل ناڈو میں ’’ہندی گو بیک‘‘، حیدرآباد میں ’’مارواڑی گو بیک‘‘ اور بعض مقامات پر ’’نارتھ انڈینز گو بیک‘‘ جیسے نعرے لگائے جا رہے ہیں
۔ انہوں نے سوال کیا کہ تلنگانہ کی زبان اور لہجے میں ہندستانی الفاظ شامل ہیں، ایسے میں اگر ہندی کے خلاف بات کی جائے تو یہ سوچ ملک کو کس سمت لے جا رہی ہے؟ کیا یہ نظریات ملک کو تقسیم کرنے والے نہیں ہیں؟
انہوں نے واضح کیا کہ 2029 کے انتخابات میں بی جے پی ساتھ ہو یا نہ ہو، جن سینا تلنگانہ میں ضرور مقابلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود الیکشن نہیں لڑیں گے، البتہ اپنی پارٹی کے امیدواروں کی کامیابی چاہتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ آنے والے جی ایچ ایم سی انتخابات میں جن سینا پارٹی تنہا میدان میں اترے گی۔



