ممبئی میں ایک ہاوسنگ سوسائٹی میں قربانی کے لئے لائے گئے بکروں کے خلاف شرپسندوں کا خنزیر کے ساتھ احتجاج – دو گروپ میں تصادم ؛ پولیس لاٹھی چارج
ممبئی: عیدالاضحیٰ سے قبل ممبئی کے میرا روڈ علاقہ میں واقع پونم اسٹیٹ کلسٹر ون ہاؤزنگ سوسائٹی میں قربانی کیلئے لائی گئی بکروں کے معاملہ پر زبردست کشیدگی پیدا ہوگئی، جہاں دو گروپوں کے درمیان جھڑپیں پیش آئیں اور صورتحال کشیدہ ہوگئی۔
اطلاعات کے مطابق بعض مکینوں نے عیدالاضحیٰ کی قربانی کیلئے تقریباً 40 تا 50 بکروں سوسائٹی کے احاطہ میں رکھی تھیں، جس پر دیگر رہائشیوں نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق رہائشی کمپلیکس میں جانوروں کی قربانی کی اجازت نہیں ہے اور بکریوں کو مذبح خانہ منتقل کیا جانا چاہئے۔
وشوا ہندو پریشد کے کوآرڈینیٹر ہرش سنگھ نے الزام عائد کیا کہ بکروں غیر قانونی طور پر سوسائٹی میں لائی گئی تھیں اور ان کی موجودگی سے بزرگ افراد کو سانس لینے سمیت کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بلدیہ نے بھی اس کی اجازت نہیں دی تھی
۔ ہرش سنگھ نے مزید الزام لگایا کہ ایک مسلم شخص نے ان پر چاقو سے حملہ کیا، جس میں ان کے ہاتھ پر زخم آئے۔ انہوں نے بتایا کہ واقعہ کے بعد پولیس میں شکایت درج کرائی گئی، تاہم ایف آئی آر میں اقدامِ قتل کی دفعہ شامل نہیں کی گئی، جبکہ ان کا مطالبہ ہے کہ ملزم کے خلاف اقدامِ قتل کا مقدمہ درج کیا جائے۔
اطلاعات کے مطابق پیر کی رات بکروں کی مبینہ غیر قانونی موجودگی پر دونوں گروپوں کے درمیان ہاتھاپائی ہوئی تھی۔ ہندو مکینوں کی شکایات کے بعد میونسپل کارپوریشن نے منگل کی دوپہر بکروں کیلئے قائم شیڈ کو منہدم کردیا۔ بعد ازاں مسلم طبقہ کے بعض افراد کی جانب سے دوبارہ شیڈ تعمیر کرنے کی کوشش پر کشیدگی مزید بڑھ گئی اور سوسائٹی کے اندر و باہر احتجاج شروع ہوگیا۔
اسی دوران وشوا ہندو پریشد اور بجرنگ دل کے کارکن بھی احتجاج میں شامل ہوگئے۔ مظاہرین احتجاجاً ایک خنزیر کا بچہ سوسائٹی گیٹ تک لے آئے۔ ابتدا میں دعویٰ کیا گیا کہ اسے ’’وراہ پوجا‘‘ کیلئے لایا گیا ہے، تاہم بعد میں مظاہرین نے کہا کہ یہ بکروں کے خلاف احتجاج کا حصہ ہے۔
پولیس نے فوری مداخلت کرتے ہوئے خنزیر کے بچے کو وہاں سے ہٹادیا اور مشتعل ہجوم کو سوسائٹی گیٹ کے اندر داخل ہونے سے روکنے کیلئے لاٹھی چارج کیا۔ بی جے پی لیڈر بھی موقع پر پہنچ گئے۔ علاقہ میں اب بھی پولیس کی بھاری جمعیت تعینات ہے جبکہ مظاہرین سوسائٹی سے قربانی کیلئے لائی گئی بکروں کو مکمل طور پر ہٹانے کا مطالبہ کررہے ہیں۔



