نیشنل

گاؤ کشی پر مکمل پابندی کی درخواست – سپریم کورٹ نے فوری سماعت سے کردیا انکار ؛ کہا بقرعید سے ایک دن پہلے یاد آیا ؟

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے بقرعید سے قبل گاؤ کشی پر مکمل پابندی کے قانون کے مؤثر نفاذ سے متعلق دائر مفادِ عامہ کی درخواست پر فوری سماعت سے انکار کردیا۔

 

چیف جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس جوئے مالیا باگچی پر مشتمل بنچ نے درخواست گزار کے وکیل سے کہا کہ ’’آپ کو یہ معاملہ ایک دن پہلے یاد آیا، اس میں کوئی ہنگامی صورتحال نہیں ہے۔‘‘

 

ایڈوکیٹ برون کمار سنہا نے عدالت سے اپیل کی تھی کہ بقرعید قریب ہونے کے سبب درخواست پر فوری سماعت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ درخواست میں انسدادِ گاؤ کشی قانون پر عمل آوری کو یقینی بنانے کی گزارش کی گئی ہے اور اگر ممکن ہو تو معاملہ کل ہی سماعت کیلئے درج کیا جائے۔

 

یہ درخواست اکھل بھارت ہندو مہاسبھا کے سابق نائب صدر ستیش کمار اگروال کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جس میں گائے اور اس کی نسل کے تحفظ کیلئے گاؤ کشی مخالف قوانین پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست میں تمام ریاستی حکومتوں کو قانونی ضابطوں کے مطابق مذبح خانوں کے نظم و نسق کیلئے رہنمایانہ خطوط جاری کرنے کی ہدایت دینے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button