جنرل نیوز

رمضان میں اللہ کی عبادت اور اس کے بندوں کی خدمت کی جائے ضرورت مند اشخاص تک ہم خود پہنچیں _ سٹی جمعیت علماء کاماریڈی کے اجلاس سے مفتی عمران خان قاسمی کا خطاب 

کاماریڈی 25/مارچ (۔ اردو لیکس )ہندوستان کے باشندوں کےلیے سب سے بڑی نعمت والی تنظیم جمعیۃ علماء ھند ہے، کیونکہ ہندوستان میں ہر تنظیم کا اپنا ایک دائرہ کار متعین ہے، لیکن جمعیۃ علماء ھند جس کا دائرہ کار بڑا وسیع ہے، یہ واحد جماعت ہے، جس کا کوئی مخصوص لہجہ نہیں بلکہ ہر مسئلہ میں ہر دائرہ کار میں رہ کر کام کرتی ہے، خواہ اصلاح معاشرہ ہو، یا ملک کی اوقافی جائیدادوں کا تحفظ ہو، یا مظلوم کے حق میں آواز اٹھانا ہو، یا بے قصور نوجوانوں کی رہائی کا معاملہ ہو، مسلک و مشرب ہی نہیں بلکہ انسانیت کی بنیاد پر جو کہ عین سنت نبویﷺ ہے، وہ کام اس ملک میں جمعیۃ علماء ہند کررہی ہے، یاد رکھیں جمعیۃ سے وابستگی ہمارے لئے سعادت کی بات ہے،

 

بلکہ یہ اللہ کا فضل ہے کہ اس نے ہمیں اس تنظیم سے وابستہ کیا ہے، اکابرین کی بڑی قربانیوں اور ان کی خدمات کے بعد وجود میں آنے والی ملک کی سب سے بڑی جماعت جمعیۃ علماء ہند ہے، اکابر نے کہا کہ جمعیۃ کے کام کو صرف تنظیم کا کام نہ سمجھیں، بلکہ دین کا کام سمجھیں، مثلاً مظلوم کی آواز بن کر جب ایوانوں میں یا کسی بھی حکومتی اداروں میں نمائندگی کیجاتی ہے تو جمعیۃ کے اپنے اثر رسوخ کی وجہ سے یہ سفارش قبول کیجاتی ہے، یہ سفارشات عین سنت نبویﷺ پر عمل کرنا ہے، جمعیۃ کی عظمت کے ساتھ ساتھ جمعیۃ کے کاموں کی بھی عظمت کو سمجھنا چاہیے،

 

جمعیۃ کا بہترین سرمایہ وہ حکمت عملی ہے، جمعیۃ علماء کے پلیٹ فارم سےکبھی بھی جذبات میں فیصلے نہیں کئے جاتے، کیونکہ اس کی بنیاد اور اس کا مشن اور اس کے منشور کو تقوی کے پہاڑ علماء واکابر نے طئے کیا، افراد کے مجموعہ کا نام جمعیۃ ہے، ہمیں ملکی اور مقامی سطح پر جمعیۃ سے جڑ کر کام کرنا ہے، سٹی جمعیت علماء کاماریڈی کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مفتی عمران خان قاسمی صدر سٹی جمعیت نے ان خیالات کا اظہار کیانیز سلسلہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ جمعیۃ علماء ہمیشہ ہی اجتماعی کام باہم مشوروں، منصوبہ بندی وباہمی اتحاد کے ساتھ کرتی ہے،

 

حافظ خواجہ یاسین نے کہا کہ اپنی پہچان کیساتھ انفرادی راشن تقسیم کرنے کے بجائے اجتماعیت کے ساتھ جمعیۃ سے وابستہ ہوکر راشن تقسیم کرنے کی فکر کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ غریبوں تک راشن پہنچانے میں معاونت ملے۔

 

حافظ فہیم الدین منیری نے کہا کہ رمضان مبارک مہینہ آچکا ہے، ہمیں ضروری ہے کہ ہم مسائل رمضان مسائل، روزہ، اعتکاف، تراویح وغیرہ کے مسائل سے واقفیت حاصل کریں اس سلسلے میں علماء کرام سے گزارش کی جاتی ہیکہ آپ اپنی مسجدوں میں اہتمام کے ساتھ شرعی مسائل سے عامۃ المسلمین کو واقف کروائیں، نیز کہا کہ افطار پارٹیوں کے چلن کو روک کر دیہات کے غریب روزے داروں کو افطار کرائیں، عید کے موقع پر عید کی خوشیوں میں شامل ہونے کی نیت سے غریبوں کو عید پیکج کے ذریعہ تعاون کریں ضرورت مند ہم تک نہ پہنچیں اس سے قبل ہم ضرورت مند تک پہنچ کر مدد کریں، اراکین جمعیۃ علماء سے خصوصیت کے ساتھ فرمایا کہ ہم کام کے سلسلہ میں ابھی سے منصوبہ بندی کریں ہمارے شہر کے کسی بھی محلہ کا حاجت مند پریشان نہ ہو اس کے لئے والینٹرس عبادت کے ساتھ خدمت خلق کے فریضہ کی ادائیگی کے لیے اپنے کو وقف کریں،

 

مولانا حسین احمد حسامی نائب صدر جمعیۃ علماء کاماریڈی نے خدام دین کی خدمت کی طرف توجہ دلائی اور کہاکہ گزشتہ سال بھی رمضان المبارک کی مناسبت سے ماشاء اللہ خدام دین کی خدمت گئی تھی، چنانچہ اس سال بھی اس تجویز کی منظوری دی جائے، حافظ محمد یوسف حلیمی انور جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء کاماریڈی نے نظامت کے فرائض انجام دیئے، حافظ محمد عبدالواجد علی خان حلیمی سکریٹری جمعیۃ علماء کاماریڈی نے قرات کلام پاک کے ذریعے مشاورتی اجلاس کا آغاز کیا،

 

جبکہ اس اجلاس میں الحاج سید عظمت علی جنرل سکریڑی، میر فاروق علی خازن جمعیۃ، شیخ اسماعیل صدر حلقہ بلال حافظ محمد تقی الدین منیری پریس سیکریٹری محمد حمزہ سکریٹری حلقہ مدینہ محمد فیروز الدین پریس سیکریٹری ضلعی جمعیت علماء کاماریڈی کے علاؤہ علماء حفاظ کرام صدور مساجد ونوجوان جمعیۃ کی کثیر تعداد موجود تھی، نیز مہ داران مسجد محبوب صالحین نے مہمانوں کا استقبال کے ساتھ ساتھ تمام شرکاء کی ضیافت کے بعد شکریہ بھی ادا کیا،

متعلقہ خبریں

Back to top button