جانوروں کی قربانی پر سارہ خان کے ریمارکس نے چھیڑ دی نئی بحث

ممبئی: ہندی ٹیلی ویژن اداکارہ سارہ خان کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر کی گئی سوشل میڈیا پوسٹ اس وقت وائرل ہو رہی ہے۔ اداکارہ نے اپیل کی ہے کہ عیدالاضحیٰ کو صرف جانوروں کی قربانی تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اس کے اصل پیغام یعنی انسانیت، رحم دلی اور خدمتِ خلق کو بھی یاد رکھا جائے۔ سارہ خان کے اس بیان پر سوشل میڈیا میں زبردست بحث چھڑ گئی ہے۔
عیدالاضحیٰ کے موقع پر اپنے انسٹاگرام پوسٹ میں سارہ خان نے روحانیت، رحم دلی اور اللہ سے وفاداری پر زور دیا۔ انہوں نے لکھا کہ ’’اللہ کو نہ گوشت کی ضرورت ہے اور نہ خون کی، بلکہ وہ انسان کے دل میں موجود تقویٰ، رحم اور فرمانبرداری کو دیکھتا ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ جانوروں کی قربانی کے ساتھ ساتھ بھوکوں کو کھانا کھلانا، غریبوں کی مدد کرنا اور بے سہارا افراد کا سہارا بننا زیادہ اہم ہے۔ سارہ خان کے مطابق اصل قربانی انسان کے اندر موجود غرور، انا اور منفی جذبات کو ختم کرکے اچھے اخلاق کے ساتھ زندگی گزارنے میں ہے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ عیدالاضحیٰ کو صرف تقریبات، کھانوں اور روایتی رسومات تک محدود نہیں کرنا چاہیے بلکہ یہ دن اللہ پر مکمل بھروسہ اور دل کی پاکیزگی حاصل کرنے کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے سماجی خدمت، خیرات اور انسانیت جیسی اقدار کو زیادہ اہمیت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
سارہ خان کے ان بیانات پر سوشل میڈیا میں ملا جلا ردِعمل سامنے آ رہا ہے۔ بعض صارفین نے ان کی باتوں کو انسانیت اور ہمدردی کا پیغام قرار دیتے ہوئے سراہا، جبکہ کچھ لوگوں نے کہا کہ روایتی مذہبی رسومات پر تبصرہ کرنا مناسب نہیں۔ خاص طور پر جانوروں کی قربانی سے متعلق ان کے ریمارکس پر چند حلقوں نے ناراضگی کا اظہار بھی کیا۔ تاہم کئی افراد نے عیدالاضحیٰ کے اصل مقصد کی یاد دہانی کرانے پر ان کی تعریف کی ہے۔
واضح رہے کہ سپنا بابل کا سیریل کے ذریعے سارہ خان کو غیرمعمولی شہرت حاصل ہوئی تھی۔ بعد ازاں وہ Bigg Boss 4 میں شرکت کے بعد مزید مقبول ہوئیں۔ اداکار کرش پاٹھک کے ساتھ ان کی شادی بھی اس وقت خبروں میں رہی تھی، جسے انٹرکاسٹ میرج کے طور پر سوشل میڈیا پر کافی بحث کا موضوع بنایا گیا تھا۔



