فیوچر سٹی کے اطراف زمینوں کی مانگ میں زبردست اضافہ – پلاٹس ہاتھوں ہاتھ فروخت ؛ ایک گز 83,500 روپے میں فروخت

حیدرآباد: ہاؤسنگ بورڈ کی نیلامی میں فیوچر سٹی کے قریب واقع زمینوں کو ریکارڈ قیمت حاصل ہوئی۔ راویریالا میں ایک مربع گز زمین کی قیمت 83 ہزار 500 روپے تک پہنچ گئی۔
رنگاریڈی ضلع کے محبوب نگرم منڈل حدود میں واقع فیوچر سٹی انٹرنس اور ایئرپورٹ کے قریب راویریالا علاقے میں ہاؤسنگ بورڈ نے چار پلاٹس کی نیلامی منعقد کی۔ ہاؤسنگ بورڈ کے وائس چیئرمین وی پی گوتم کے مطابق 1000 سے 13,500 مربع گز رقبے پر مشتمل ان پلاٹس کی فروخت سے تقریباً 140 کروڑ روپے کی آمدنی حاصل ہوئی۔
نیلامی میں زمین خریدنے کے لیے 17 کمپنیوں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھا گیا۔ 1,113 مربع گز رقبے والے ایک پلاٹ کی کم از کم قیمت 26 ہزار روپے فی مربع گز مقرر کی گئی تھی، تاہم ایک ڈیولپر کمپنی نے اسے 83 ہزار 500 روپے فی مربع گز کے حساب سے حاصل کرلیا۔
اسی طرح تقریباً 6 ہزار مربع گز رقبے والی ایک اور زمین 62 ہزار 500 روپے فی مربع گز میں فروخت ہوئی۔ جبکہ تقریباً 13,500 مربع گز رقبے والی زمین کی خریداری کے لیے بھی بولی دہندگان کے درمیان زبردست مقابلہ ہوا۔
ہاؤسنگ بورڈ کی جانب سے جمعہ کے روز کے پی ایچ بی کالونی اور قطب اللہ پور علاقوں میں واقع مزید چار پلاٹس کی نیلامی کی جائے گی۔



