گلو کار بادشاہ کی دوسری شادی بھی ٹوٹ گئی۔ شادی کے 5 ماہ بعد ہوگئی طلاق

ممبئی: ریپر اور گلوکار بادشاہ اور پنجابی اداکارہ ایشا رِکھی نے پیر کے روز اپنی طلاق کی خبروں کی تصدیق کر دی۔ دونوں نے اپنے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹس پر ایک بیان شیئر کرکے اس خبر کی تصدیق کی۔ واضح رہے کہ بادشاہ اور ایشا نے تقریباً پانچ ماہ قبل ایک نجی تقریب میں خفیہ طور پر شادی کی تھی۔
شادی کے بعد دونوں کے درمیان اختلافات کی خبریں بھی سامنے آنے لگی تھیں۔ ایشا رِکھی نے سوشل میڈیا پر ایسی کئی پوسٹس شیئر کی تھیں جو ان کے رشتے میں پیدا ہونے والی تلخی کی جانب اشارہ کرتی تھیں۔ اب بالآخر دونوں نے ایک مشترکہ بیان کے ذریعے اپنی علیحدگی کی تصدیق کر دی ہے۔بادشاہ کی جانب سے شیئر کیے گئے بیان میں لکھا “میں اور ایشا رِکھی نے باہمی رضامندی سے الگ ہونے اور اپنی اپنی زندگی میں آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ہم نے یہ فیصلہ ایک دوسرے کے احترام کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا ہے اور اس وقت ہم سب سے اپیل کرتے ہیں کہ ہماری نجی زندگی کا احترام کیا جائے۔”بیان میں مزید کہا گیا“اس معاملے پر یہ ہمارا واحد بیان ہوگا۔ ہم سب سے خلوص کے ساتھ درخواست کرتے ہیں کہ ہمارے رشتے کے حوالے سے کسی بھی قسم کی قیاس آرائیاں یا اندازے نہ لگائے جائیں۔”چند ماہ قبل ایشا نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی تھی
جس میں انھوں نے لکھا تھا“کچھ لڑائیاں ایسی ہوتی ہیں جن کے نشان نظر نہیں آتے۔ میں طویل عرصے تک خوف کی وجہ سے خاموش رہی۔ مجھے لگتا تھا کہ میرے شوہر کے پاس جو اثر و رسوخ، طاقت اور وسائل ہیں، ان کے سامنے میں بے بس ہوں۔ مجھے محسوس ہوتا تھا کہ خاموش رہنا ہی سب سے محفوظ راستہ ہے۔میری خاموشی کبھی رضامندی نہیں تھی بلکہ یہ خود کو محفوظ رکھنے کا ایک طریقہ تھا۔
آج میں خوف کے بجائے ہمت کا انتخاب کر رہی ہوں۔ ممکن ہے کہ میں ابھی پوری کہانی بیان کرنے کے لیے تیار نہ ہوں لیکن اب میں یہ دکھاوا کرنا بند کرنے کے لیے تیار ہوں کہ سب کچھ ٹھیک تھا۔”بادشاہ اور ایشا رِکھی کے تعلقات رواں سال مارچ میں منظرِ عام پر آئے تھے۔ اس وقت ایشا کی والدہ پونم رِکھی نے ان کی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی تھیں۔ اس کے ایک ماہ بعد ریپر نے ایشا کے ساتھ کچھ تصاویر پوسٹ کی تھیں
تاہم ان میں انہوں نے ایشا کا چہرہ ظاہر نہیں کیا تھا۔ تصاویر کے ساتھ انہوں نے لکھا تھا “کائنات کا لوگوں کو آپ کی زندگی میں لانے کا طریقہ بہت عجیب ہوتا ہے۔”واضح رہے کہ ایشا رِکھی ریپر بادشاہ کی دوسری بیوی تھیں۔ گلوکار کی پہلی شادی جاسمین مسیح سے ہوئی تھی۔ دونوں کی 2020 میں طلاق ہوگئی تھی۔
ان کی ایک بیٹی بھی ہے جس کا نام جیسیمی گریس مسیح سنگھ ہے۔ وہ 2017 میں پیدا ہوئی تھی۔




