روس یوکرین جنگ، میزائل کی زد میں آکر تلنگانہ کے جگتیال ضلع کا شخص ہلاک

حیدرآباد: اپنے خاندان کی کفالت کے لیے بیرونِ ملک روزگار کی تلاش میں جانے والا ایک شخص جنگ کے دوران میزائل حملہ میں ہلاک ہوگیا۔ چار ماہ قبل یوکرین جانے والا جگتیال اربن منڈل کے حسن آباد گاؤں کا رہنے والا 42 سالہ سدرشن روس یوکرین جنگ کے دوران میزائل حملے میں ہلاک ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق سدرشن یوکرین میں تعمیراتی شعبے سے وابستہ تھا۔ رشتہ داروں کے مطابق پیر کی رات وہ اپنے کمرے میں موجود تھا کہ اچانک جنگی سائرن بجنے لگا وہ باہر نکلنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اسی دوران ایک میزائل کی زد میں آ گیا اور موقع پر ہی اس کی موت ہوگئی۔سدرشن کی بیوی بھارگَوی اور اس کے دو بیٹے غم سے نڈھال ہیں۔
وہ روتے ہوئے کہہ رہے ہیں “چار ماہ قبل روزگار کے لیے گئے تھے صرف چار ماہ میں ہی ہمیشہ کے لیے ہم سے دور چلے گئے؟”دوسری جانب سدرشن کی موت کی خبر کے بعد حسن آباد میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔جگتیال کے رکنِ اسمبلی سنجے کمار نے سدرشن کے ارکان خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے انھیں پرسہ دیا۔
انہوں نے سوگوار خاندان کو حوصلہ دیتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت کی جانب سے متاثرہ خاندان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔



