اسمارٹ فونز اور چارجرس ہوں گے سستے۔ کسٹمز ڈیوٹی میں کمی کا اعلان

نئی دہلی: مودی حکومت نے اپنی تیسری مدت کا پہلا بجٹ پیش کردیا ہے۔ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے اس بجٹ میں کئی بڑے اعلانات کیے ہیں، جس میں موبائل فون کے حوالے سے بھی بڑا اعلان شامل ہے۔ پچھلے کچھ سال میں ہندوستان میں موبائل فون کی تیاری میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ ملک میں مینوفیکچرنگ کو فروغ دینے کے لیے حکومت نے کسٹم ڈیوٹی میں کمی کا اعلان کیا ہے۔ اس سے انڈسٹری پر مثبت اثر پڑے گا اور فون کی قیمت میں بھی کمی ہو سکتی ہے۔
بجٹ 2024 میں حکومت نے موبائل اور اسیسریز پر بنیادی کسٹم ڈیوٹی کو کم کر کے 15 فیصد کر دیا ہے۔ وزیر فینانس نے اپنی بجٹ تقریر میں کہا کہ ہندوستانی موبائل انڈسٹری اب بہترہو چکی ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے بنیادی کسٹم ڈیوٹی کم کرنے کا اعلان کیا ہے جس کی وجہ سے موبائل فون اور اسسریز سستے ہونے سے زیادہ سے زیادہ لوگ ان کا استعمال کر سکیں گے۔ اس سے صارفین نئی ٹیکنالوجی کو اپ گریڈ کر سکیں گے۔ اس اعلان کی وجہ سے مقامی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ اس کا مطلب ہے کہ ہندوستان میں فون کی تیاری میں اضافہ ہوگا۔ صارفین کو زیادہ سے زیادہ برانڈز دیکھنے کو ملیں گے، جس سے مارکیٹ میں مسابقت بڑھے گی اس کا براہ راست فائدہ صارفین کو ہوگا۔
اس وقت چینی برانڈز کے ساتھ ایپل بھی ہندوستان میں اپنی بہت سی مصنوعات تیار کرتا ہے۔ کمپنی نے پچھلے سال جدید ترین میڈ ان انڈیا آئی فونز لانچ کیے تھے۔ تاہم کمپنی اب بھی بھارت میں پرو ماڈل تیار نہیں کرتی ہے۔