نیشنل ہیرالڈ سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں ای ڈی کی چارج شیٹ میں سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کے نام

نیشنل ہیرالڈ سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے دہلی کی راؤز ایونیو کورٹ میں چارج شیٹ داخل کی ہے۔
اس میں کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کے ناموں کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ کانگریس کے سینئر لیڈر شیم پترودا، سمن دوبے سمیت کئی دیگر افراد کے نام بھی شامل ہیں۔ اس کیس کی سماعت 25 اپریل کو خصوصی عدالت میں ہونے والی ہے۔
یہ پہلا موقع ہے جب ای ڈی نے سونیا اور راہول گاندھی کے خلاف اس کیس میں چارج شیٹ داخل کی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ چارج شیٹ اس وقت داخل کی گئی جب ہریانہ میں ریئل اسٹیٹ معاہدے سے متعلق منی لانڈرنگ الزامات کے سلسلے میں کانگریس ایم پی پرینکا گاندھی کے شوہر اور تاجر رابرٹ وادرا سے ای ڈی نے پوچھ تاچھ کی۔
نیشنل ہیرالڈ کیس میں سونیا اور راہول گاندھی کو پہلے ہی ای ڈی نے پوچھ تاچھ کے لیے طلب کیا تھا۔ان پر الزام ہے کہ غیر ملکی فنڈنگ کے ذریعے نیشنل ہیرالڈ اخبار چلایا گیا۔ سی بی آئی نے بھی اس معاملے میں ابتدائی تحقیقات کیں، لیکن وہ بند ہوگئیں، جبکہ ای ڈی کی تفتیش اب بھی جاری ہے۔
ای ڈی نے 2023 میں نیشنل ہیرالڈ سے جڑے ادارے "ایسوسی ایٹڈ جرنلز لمیٹڈ” (AJL) کی 661 کروڑ روپے مالیت کی جائیداد ضبط کر لی تھی اور نوٹسز بھی جاری کیے گئے تھے۔
اب تک ای ڈی نے AJL اور "ینگ انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ” (YIL) کی مجموعی طور پر 751.9 کروڑ روپے مالیت کی جائیدادیں ضبط کی ہیں۔ ان جائیدادوں سے کرایہ حاصل کرنے والوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کرایہ ای ڈی کو ادا کریں۔
نیشنل ہیرالڈ اخبار کو 1938 میں سابق وزیراعظم جواہر لال نہرو نے قائم کیا تھا اور AJL کے ذریعے شائع کیا جاتا تھا۔ 2008 میں مالی بحران کی وجہ سے اسے بند کر دیا گیا۔ 2010 میں YIL کے نام سے نئی کمپنی بنی جس میں سونیا اور راہول گاندھی کی بالترتیب 38-38 فیصد حصہ داری ہے۔
بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی نے 2012 میں الزام لگایا کہ YIL نے AJL کی دو ہزار کروڑ روپے مالیت کی جائیدادیں صرف 50 لاکھ روپے میں حاصل کیں، جو دھوکہ دہی ہے۔
کانگریس نے اس چارج شیٹ پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔ پارٹی کے سینئر لیڈر جے رام رمیش نے کہا کہ یہ کارروائی وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی انتقامی سیاست اور دباؤ کی کوشش ہے۔ کانگریس اور اس کی قیادت خاموش نہیں رہے گی۔ انہوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہاکہ "ستیہ میو جیتے!” (سچ کی جیت ہوتی ہے)۔