سر پر ہوتے ہیں کتنے بال؟ گننے کیلئے نوجوان کا حیرت انگیر تجربہ

نئی دہلی: انسان کے سر پر کتنے بال ہوتے ہیں؟ اس سوال نے ایک نوجوان کو اس حد تک مجبور کر دیا کہ اس نے خود ہی اپنا سر منڈوا کر بال گننے کا تہیہ کر لیا۔ انسٹاگرام پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو نے صارفین کو حیرت میں ڈال دیا ہے جہاں ایک نوجوان اپنے سر کے بال گننے کے جنون میں مبتلا نظر آتا ہے۔
انسٹاگرام پر کنٹری مین نامی اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی ویڈیو میں نوجوان کو دکھایا گیا ہے جو مکمل طور پر گنجا ہو کر نہایت صبر و استقلال سے ایک ایک بال کو الگ کر کے گن رہا ہے۔ اس انوکھے مشن کو مکمل کرنے کے لیے اسے کئی دن لگے اور اس نے تمام مرحلہ کو ویڈیو کی شکل میں ریکارڈ بھی کیا تاکہ اپنی محنت کو دنیا کے سامنے لا سکے۔
نوجوان کے مطابق وہ روزانہ 10 سے 12 گھنٹے صرف بال گننے کے عمل میں صرف کرتا رہا اور آخرکار وہ اس نتیجے پر پہنچا کہ اس کے سر پر 91 ہزار 300 بال تھے۔
اس نرالی کوشش کو دنیا کے سامنے "ریکارڈ” کی صورت میں لانے کے لیے اس نے لمکا بک آف ریکارڈس اور گینیز ورلڈ ریکارڈ سے بھی رجوع کیا مگر گینیز انتظامیہ کی جانب سے 1200 ڈالرز کی فیس طلب کیے جانے پر اس نے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا۔
نوجوان کا دعویٰ ہے کہ دنیا میں کسی نے بھی آج تک ایسا تجربہ نہیں کیا اور وہ چاہتا ہے کہ اس کی انفرادیت کو تسلیم کیا جائے۔ اگرچہ اس کی کوشش ریکارڈ بک میں جگہ حاصل کرسکی لیکن سوشل میڈیا پر وہ یقیناً لاکھوں صارفین کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔