این آر آئی

ڈاکٹر عزیر کی الوداعی تقریب۔ ٹوسٹ ماسٹرز کا بھر پور خراج تحسین

ریاض ۔ کے این واصف

بزم اردو ٹوسٹ ماسٹرز کلب ریاض نے اپنا 165 وان اجلاس ڈاکٹر عزیر احمد غازی صاحب کے نام معنون کیا اور انھیں بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے الودع کہا۔ ڈاکٹر عزیر سعودی عرب میں 47 سال گزارنے کے بعد وطن لوٹ رہے ہیں۔ حیدرآباد دکن سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر عزیر نے مملکت میں اپنے طویل قیام کے دوران مدینہ منورہ کے سرکاری اسپتالوں، ریاض کے جنرل اسپتال شمیسی اور رائل کلینک میں خدمات انجام دیں۔ آپ مملکت کے فرماں روا کنگ فھد بن عبد العزیز کی میڈیکل ٹیم کا حصہ بھی رہے۔

 

 

ڈاکٹر عزیر نے علیگڑھ مسلم یونیورسٹی سے ایم بی بی ایس کیا اور 1976 میں مملکت کی وزارت صحت سے منسلک ہوئے۔ ڈاکٹر عزیر بزم اردو ٹوسٹ ماسٹرز کلب ریاض کے بانی اراکین میں سے ہیں وہ ایک میعاد کے لئے کلب کے صدر بھی رہے۔ ٹوسٹ ماسٹرز کی رویت کے مطابق اجلاس کا آغاز سارجنٹ سید عبد الحامد کے ابتدائی کلمات سے ہوا۔ صدر اجلاس محمد سیف الدین نے خیر مقدم کیا۔ اس محفل سے جن ٹوسٹ ماسٹرز نے خطاب کیا ان میں عبدالقدوس جاوید، کوثر نسیم، محمد عبدالقادر، عظیم الدین زبیر، سید عبدالحامد، سید مبادک حسین، محمد ایوب، سید عتیق، محمد سلیم احمد اور محمد مبین شامل تھے۔ تمام مقررین نے ڈاکٹر عزیز کی کلب کے لئے خدمات، ان کی اردو زبان پر قدرت، تنظیمی صلاحیت، ڈسپلن، وضع داری، اپنی ذمہ داری کو پابندی وقت اور مہارت کے ساتھ پورا کرنا، اعلی کردار اور ان کی بلند اخلاقی کا اعتراف کیا۔ سید عتیق نے کلب کے رکن سید افتخار ہاشمی کا روانہ کردہ پیام پڑھ کر سنایا۔ کلب کے سینئر ممبر ڈاکٹر سید این مسعود بھی محفل میں موجود رہے۔

 

 

حیدرآباد کی سماجی و ادبی حلقوں کی معروف شخصیت ڈاکٹر مرزا مصطفی علی بیگ (جاوید کمال) جو ان دنوں سعودی عرب کے دورے پر ہیں نے اس اجلاس میں بحیثیت مہمان اعزازی شرکت کی۔ سہ ماہی ادبی رسالہ “ریختہ نامہ” کے ایڈیٹر جاوید کمال صاحب نے بھی محفل کو مخاطب کیا اور اپنا ایک انشائیہ “ہم وظیفہ خوار ہوئے” پیش کرکے محفل کو زعفران زار کیا۔ کلب کی جانب سے عبد القدوس جاوید نے ڈاکٹر عزیر کو یادگاری مومنٹو پیش کیا جبکہ محمد مبین نے شال پوشی کی۔ ڈاکٹر عزیر نے اپنے جوابی خطاب میں کہا کہ ہم اردو والوں کی بڑی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی نئی نسل میں زبان منتقل کریں۔ زبان کی بقاء کے لئے ضروری ہے کہ اس کی پڑھنے والے بڑھیں۔ انھوں نے یقین دلایا کہ وہ ہمیشہ کلب سے جوڑے رہین گے۔ وہ جہاں کہیں رہیں آن لائن رابطہ میں رہیں گے۔ نظامت کے فرائض کے این واصف نے انجام دئیے۔ کلب کے صدر سیف الدین کے اختتامی کلمات پر اس محفل کا اختتام عمل میں آیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button