این آر آئی

سفیر ہند ڈاکٹر سہیل اعجاز خاں کا استقبالیہ۔ ایک پر ہجوم رنگارنگ تقریب

ریاض ۔ کے این واصف

ہند سعودی کے درمیان تعلقات کے کامیابیوں کی کہانی طویل ہے اور اس میں اضافہ ہورہا ہے۔ یہ بات سفیر ہند ڈاکٹر سہیل اعجاز خاں نے کہی۔ وہ ہندوستانی تارکین وطن کے اجتماع سے مخاطب تھے۔ جمعہ کی شب نو متعین سفیر ہند برائے سعودی عرب سہیل اعجاز خاں کے اعزاز میں “آل انڈیا اسٹیرنگ کمیٹی ریاض کے زیر اہتمام ایک شاندار عوامی استقبالیہ کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں سماجی تنظیموں کے نمائیندون نے بھی مختصر خطاب کیا۔

سماجی کارکنان کی جانب سے پیش کردہ مشوروں اور مطالبات کے جواب میں سفیر ہند نے کہا تمام ہندوستانیوں کے لئے سفارت سفارت خانے کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ یہاں ہر روز open house ہوسکتا ہے۔ کسی مخصوص دن، تاریخ کی ضرورت نہیں۔ ہم ہر قدم پر آپ کے ساتھ ہیں۔ ڈاکٹر خاں نے این آر آئیز کو مشورہ دیا کہ وہ میزبان ملک میں اپنے رویہ سے اپنی تہذیب کا مظاہرہ کریں۔ انھوں نے کہا کہ اس بھاری اجتماع میں وہ سارے ہندوستان کی نمائیندگی دیکھ رہے ہیں۔ ڈاکٹر خاں نے کہا کہ ۷۵ سالہ ہند سعودی سفارتی تعلقات میں آپسی رشتے مستحکم ہوئے ہیں۔ اس کا ثبوت ہم سے سعودی عہدیداران کے گرم جوشانہ رویہ سے ملتا ہے۔ سعودی سے ہمارے خوشگوار تعلقات میں یہاں برسرے کار ہر ہندوستانی کارکن کا بھی کردار ہے۔ اسی لئے وزیر آعظم نریندر مودی نے ہر غیر مقیم ہندوستانیون کو ملک کا سفیر قرار دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے فلم اسٹارز امیتابھ بچن، شاہ رخ خاں اور سلمان خاں کی یہاں آمد سے ہمارے ثقافتی تعلقات بھی مظبوط ہوئے ہیں۔

سفیر ہند سہیل اعجاز خاں نے اپنے خطاب کے دوران سعودی عوام کو ہندوستان کی سیاحت کی دعوت بھی دی۔ اس تقریب کا آغاز شمس بھونگیری کی قراءت کلام پاک سے ہوا۔ کنوینر اسٹیرنگ کمیٹی نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں سفیر ہند کو کمیونٹی کے بھر پور تعاون کا تیقن دیا۔ جس کے بعد سینکڑوں کی تعداد میں کمیونٹی ممبرز نے سفیر ہند کو گلدستہ، شال اور تحائف پیش کئے۔ اس تقریب سے جن دیگر سماجی کارکنان نے مخاطب کیا ان میں شہاب کٹوکاڈ، امتیاز احمد، دیپک ستیش، ڈاکٹر مصباح العارفین، سلطان مظہر الدین، جبار انا، ابرار حسین، محمد مبین، سنتوش شٹی، ڈاکٹر انعام الحق آعظمی، ساجن لطیف اور غلام محمد خاں شامل تھے۔

ریاض کی ایک اسٹار ہوٹل میں منعقد اس تقریب کی نظامت تقی الدین میر نے بڑی دلچسپ اور پر اثر انداز میں کی۔ سینئر این آر آئی عبد الاحد صدیقی نے ھدیہ تشکر پیش کیا۔ ہندوستانی اور سعودی قومی ترانے کی پیش کش پر اس شاندار تقریب کا اختتام عمل میں آیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button