حیدرآباد میں دھواں دھار بارش – تلنگانہ کے کئی اضلاع میں چہارشنبہ تک بارش

خلیج بنگال میں پیدا شدہ کم دباؤ کے اثر سے تلنگانہ میں مسلسل بارش ہو رہی ہے ۔ پیر کی شام حیدرآباد کے کئی علاقوں میں دھواں دھار بارش شروع ہو گئی، جس سے ٹریفک میں خلل پڑا اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
شہر کے علاقوں جیسے کہ کے پی ایچ بی، جوبلی ہلز، کرشنا نگر، بنجارہ ہلز، کوکٹ پلی، یوسف گوڑہ، امیرپیٹ، پنجہ گٹہ، لنگم پلی، گچی باولی، اور مادھا پور ؛ نامپلی ؛ چادر گھاٹ ؛ ملک پیٹ اور پرانے شہر کے کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یہ بارشیں 29 مئی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ وقارآباد، میدک، کاما ریڈی، محبوب نگر، ناگر کرنول، ونپرتی، نارائن پیٹ اور گدوال اضلاع میں بھی کہیں کہیں بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔
منگل کے روز عادل آباد، کومرم بھیم آصف آباد، منچریال، نرمَل، نظام آباد، جگتیال، راجنا سریسلہ، جے شنکر بھوپال پلی، پداپلی، وقارآباد، سنگاریڈی، میدک، اور کاما ریڈی میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ ان اضلاع کے لیے یلو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
چہارشنبہ کے روز بھی ان ہی اضلاع میں شدید سے بہت شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔