جرائم و حادثات

کار درخت سے ٹکرا جانے کے بعد شعلہ پوش ہوگئی ، 4 افراد زندہ جل کر راکھ _ مرنے والوں میں نئے دلہا دلہن بھی شامل

بھوپال _ 31 مئی ( اردولیکس ڈیسک) مدھیہ پردیش کے ہردا ضلع میں ایک کار درخت سے ٹکرا جانے کے بعد شعلہ پوش ہوگئی ۔جس کے نتیجے میں کار میں سوار 4 افراد زندہ جل کر راکھ ہوگئے ۔ مرنے والوں میں 6 ماہ کے دلہا دلہن بھی شامل ہیں ۔ ان میں سے 3 ایک ہی خاندان کے افراد تھے۔ صبح 7 بجے کے قریب تیمرنی پولیس اسٹیشن علاقے کے تحت پوکھرنی گاؤں کے نزدیک ان کی کار بے قابو ہو کر ایک درخت سے ٹکرا گئی۔ اس کے بعد آگ لگ گئی۔ گاڑی میں بیٹھے لوگوں کو باہر نکلنے کا موقع بھی نہیں ملا۔

تیمرنی پولیس اسٹیشن کے انچارج سشیل پٹیل نے بتایا کہ چاروں نعشیں بری طرح جھلس گئی تھیں۔کار میں چار افراد اکھلیش ، راکیش ، شیوانی ( راکیش کی بیوی) اور  آدرش  سوار تھے۔ راکیش اور اکھلیش حقیقی بھائی تھے۔ تمام برکالا چرکھیڑا گاؤں کے رہنے والے تھے اور ان کی عمریں 25 سے 30 سال کے درمیان ہیں۔

 

 

ایس پی سنجیو کمار کنچن نے بتایا کہ جب تک لوگ موقع پر پہنچے، کار سواروں کی موت ہو چکی تھی۔ نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے تیمرنی اسپتال بھیج دیا گیا۔

 

بتایا گیا ہے کہ راکیش تیمرنی کے ریلائنس پٹرول پمپ پر کام کرتا تھا ۔ ان کے چھوٹے بھائی اکھلیش برکالا چرکھیڑا میں فوٹو اسٹوڈیو چلاتے تھے۔ اپنے گاؤں کے رہنے والے آدرش  بھی فوٹو گرافی کا کام کرتے تھے۔ آدرش اور اکھلیش فوٹو گرافی کا کام کرنے سیہور کے دیپگاؤں گئے تھے۔ چہارشنبہ کی صبح وہاں سے واپس آتے وقت یہ لوگ راکیش اور اس کی بیوی شیوانی کو اپنے ساتھ کار میں لے بٹھا کر گاوں آرہے  تھے۔ کہ یہ حادثہ پیش آیا۔ راکیش کی شادی صرف چھ ماہ قبل نصراللہ گنج کی رہنے والی شیوانی سے ہوئی تھی۔

 

عینی شاہد نے کہا کہ جب ہم بچانے گئے تو آگ کے شعلے ہم پر آنے لگے عینی شاہد جے پرکاش پٹوارے نے بتایا کہ ‘یہ واقعہ تقریباً 7 بجے پیش آیا۔ میرا گھر اس جگہ سے 500 میٹر کے فاصلے پر ہے۔ گاڑی تیز رفتاری سے درخت سے ٹکرا گئی اور آگ لگ گئی۔ میرے آنے تک آگ گاڑی کے اندر پھیل چکی تھی۔

 

ہم نے گاڑی کے گیٹ کھولنے کی کوشش کی لیکن وہ نہیں کھلے۔ پھر ہم نے پچھلا شیشہ پتھر سے توڑ دیا۔ آگ کی شدت کے باعث ہم پر بھی شعلے آنے لگے۔ ہم گاڑی سے دور ہو گئے۔ پھر ڈائل 100  پر کال کیا ۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button